پاکستان دوحا میں امریکہ اور طالبان کے درمیان مذاکرات میں شریک نہیں ہوگا. ترجمان دفتر خارجہ

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال مخدوش ہے، یاسین ملک کی تہاڑ جیل منتقلی اور جمعہ کے روز مساجد کی بندش کی شدید مذمت کرتے ہیں. ہفتہ وار بریفنگ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 11 اپریل 2019 17:23

پاکستان دوحا میں امریکہ اور طالبان کے درمیان مذاکرات میں شریک نہیں ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 11 اپریل۔2019ء) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں شب معراج کو مساجد کو تالے لگائے گئے، پاکستان ان اقدامات کی مذمت کرتا ہے چاہتے ہیں بھارت سے پلوامہ حملے پر قابل عمل معلومات مل جائیں. تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ بھارت کو کچھ نئے سوالات بھیجے ہیںبھارت نے پہلے کے سوالات کا جواب بھی ابھی تک نہیں دیا.

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال مخدوش ہے، مزید 2 کشمیری شہید کر دیے گئے یاسین ملک کو بدنام زمانہ تہاڑ جیل منتقلی اور مقبوضہ کشمیر میں جمعے کو مساجد کی بندش کی شدید مذمت کرتے ہیں.

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت رکوائے، مقبوضہ کشمیر سے افسوسناک خبروں کا سلسلہ جاری ہے‘ میر واعظ عمر فاروق کو نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) میں پیش ہونے پر مجبور کیا جارہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں شب معراج کو مساجد کو تالے لگائے گئے پاکستان ان اقدامات کی مذمت کرتا ہے.

ترجمان نے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے. ترجمان نے کہا کہ بحرین کے وزیر خارجہ نے پاکستان کا دورہ کیا ہے وزیر خارجہ نے کنگ حماد یونیورسٹی نرسنگ کے تحفے پر شکریہ ادا کیا. ڈاکٹرمحمد فیصل نے کہا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کا جواب ایسے ہی دے گا جیسے 27 فروری کو دیا تھا. ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت کا سلسلہ جاری ہے، حریت راہنماﺅں کی گرفتاریوں سمیت کشمیریوں پر بھارتی تشدد کی مذمت کرتے ہیں، عالمی برادری کشمیریوں پر بھارتی مظالم رکوانے میں کردار ادا کرے.

ترجمان نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ مذاکرات چاہتا ہے لیکن ان مذاکرات کو پاکستان کی کمزوری نہیں سمجھنا چاہیے، پاکستان کشیدگی نہیں چاہتا لیکن جارحیت کا جواب ضرور دیا جائے گا، بھارت نے اگر ہمارے عزم کو چیلنج کیا تو جواب وہی ہو گا جو 27 فروری کو تھا. ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ انٹرا افغان مذاکرات کا دوسرا دور بھی ماسکو میں ہو رہا ہے پاکستان افغان مفاہمتی عمل کا حامی ہے پاکستان مستقبل میں بھی مفاہمتی عمل کی حمایت جاری رکھے گا لیکن پاکستان دوحا میں امریکہ اور طالبان کے درمیان مذاکرات کا حصہ نہیں ہوگا.