Live Updates

وفاقی حکومت کے بعد حکومت پنجاب بھی کابینہ میں تبدیلی کے لیے متحرک

وزیراعلیٰ پنجاب صوبائی وزرا کی کارکردگی پر وزیراعظم عمران خان سے مشاورت کریں گے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 15 اپریل 2019 13:46

وفاقی حکومت کے بعد حکومت پنجاب بھی کابینہ میں تبدیلی کے لیے متحرک
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15 اپریل 2019ء) : وفاقی حکومت کی جانب سے وزارتوں کے قلمدان کی تبدیلی کے بعد پنجاب حکومت نے بھی کابینہ میں رد و بدل کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار صوبائی وزرا کی کارکردگی پر وزیراعظم عمران خان سے مشاورت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق پانچ سے آٹھ وزرا کی وزارتوں میں رد و بدل کا امکان ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کئی کھلاڑیوں کی کارکردگی سے ناخوش ہیں۔ خیال رہے کہ آج صبح یہ خبر موصول ہوئی تھی کہ وزیراعظم عمران خان نے پانچ وفاقی وزرا کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے ان کے قلمدان تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان وزارتوں میں وزارت خزانہ ، وزارت پٹرولیم اور وزیر مملکت برائے داخلہ کے قلمدان تبدیل کیے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اسد عمر سے وزارت خزانہ کا قلمدان لے کر انہیں وزارت پٹرولیم کا قلمدان دیا جائے گا جبکہ وزیر مملکت برائے داخلہ کا عہدہ لے کر اعجاز شاہ کو دیا جائے گا۔ جبکہ وزیر پٹرولیم غلام سرور خان سے وزارت کا قلمدان واپس لے لیا جائے گا اور ان کو آگے کابینہ میں شامل کیا جاتا ہے یا نہیں اس حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ سامنے نہیں آسکا۔ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے وزرا کی کارکردگی پر نظر ثانی کی گئی جس میں وزارت ریلوے ، توانائی اور مواصلات کی کارکردگی اچھی رہی۔

جس کے بعد وفاقی وزارتوں میں تبدیلی کے حوالے سے سامنے آنے والی خبروں پر اب حکومتی رد عمل سامنے آیا ، وزیراعظم عمران خان کے مشیر ندیم افضل چن نے کہا کہ وزارتوں میں تبدیلی سے متعلق چلنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔وزارتوں کی کارکردگی کےحوالے سے وزیراعظم ہرکابینہ اجلاس میں پوچھتے رہتے ہیں۔یہ وزیراعظم کا استحقاق ہے کہ وہ کسی کی بھی وزارت تبدیل کریں۔

لیکن اس وقت کسی ایک یا دو وزرا کو تبدیل کرنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ وفاقی وزرا کے قلمدان تبدیل کرنےسے متعلق خبروں پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے بھی تردید کی ۔ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ کوئی وزیر نہیں ہٹا رہے، تبدیلی کا اختیار وزیراعظم کے پاس ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف سے اچھے مذاکرات ہوئے۔ وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر جلد ہی اس حوالے سے بیان دیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات