ماہر نباتات پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف (ستارہ امتیاز) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے نئے وائس چانسلر تعینات

منگل 16 اپریل 2019 16:15

ٰٖفیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2019ء) نامور ماہر نباتات پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف (ستارہ امتیاز) کو آئندہ 4سالوں کیلئے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا نیا وائس چانسلر تعینات کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر اشرف کی تقرری چانسلر زرعی یونیورسٹی و گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی سفارش پر وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے کی گئی ہے۔

جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ترجمان نے بتایا کہ قبل ازیں ڈاکٹر محمد اشرف زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ڈین کلیہ سائنسز اور چیئرمین شعبہ باٹنی کے طور پر بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں، برطانیہ کی لیورپول یونیورسٹی سے 1986ء میں پی ایچ ڈی اور فل برائٹ سکالرکے طو ر پر امریکہ کی یونیورسٹی آف ایریزونا سے پوسٹ ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی، انہوں نے اپنے تدریسی و تحقیقی کیریئر میں 24پی ایچ ڈی‘ 30ایم فل سکالرز اور 50 سے زائد ایم ایس سی گریجوایٹس کے سپروائزرکے طو ر پر رہنمائی کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ ڈاکٹر محمد اشرف کے 3ہزار سے زائد تحقیقی مقالہ جات دنیا کے معتبر سائنسی جرائد کی زینت بن چکے ہیں جبکہ انہوں نے دنیا کے متعدد ممالک کے نامور پبلشرزکی طرف سے شائع ہونے والی سائنسی کتب کے 13باب بھی تحریر کئے، ڈاکٹر محمد اشرف کو 2 درجن سے زائد قومی و بین الاقوامی ایوارڈز سے نوازا جا چکا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ یونیورسٹی کے نئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف سائنسی کمیونٹی میں اس حوالے سے بھی منفرد پہچان رکھتے ہیںکہ وہ3 بین الاقوامی سائنسی جرائد کے ایڈیٹوریل بورڈ کی سربراہی کا تجربہ بھی رکھتے ہیں۔

ڈاکٹر اشرف صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی ، اعزاز فضیلت اور ستارہ امتیاز کے حامل ہیں نیز موصوف قبل ازیں چیئر مین پاکستان سائنس فائونڈیشن اور نواز شریف ایگریکلچر یونیورسٹی ملتان کے بانی وائس چانسلر کے طور پر بھی فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔