مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے خواب کو حقیقت میں بدلنے اور آزاد کشمیر کو جدید ترقی یافتہ ریاست بنانے کیلئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق پیدا کرنا ہو گا، ایک دوسرے کو برداشت کرنا، رواداری کو فروغ دینا اور اختلاف رائے کو ایک مخصوص حد سے آگے نہ بڑھنے دینا ہماری جدوجہد کی پہچان ہونی چاہئے

آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان کا عشائیہ کی تقریب سے خطاب

جمعہ 19 اپریل 2019 17:32

بھمبر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2019ء) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے خواب کو حقیقت میں بدلنے اور آزاد کشمیر کو جدید ترقی یافتہ ریاست بنانے کیلئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق پیدا کرنا ہو گا، ایک دوسرے کو برداشت کرنا، رواداری کو فروغ دینا اور اختلاف رائے کو ایک مخصوص حد سے آگے نہ بڑھنے دینا ہماری جدوجہد کی پہچان ہونی چاہئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینئر وزیر حکومت چوہدری طارق فاروق کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ کام کرتے ہیں ان سے غلطیاں ہونا فطری عمل ہے، صرف جامد اور ساکت لوگوں سے غلطیاں نہیں ہوتیں، ہمیں آگے بڑھنے کیلئے فعال اور متحرک لوگوں کی ضرورت ہے اور اگر وہ غلطی اور کوتاہی کریں تو ہمیں اسے برداشت کرنے کا حوصلہ پیدا کرنا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق کی محترک قیادت میں بھمبر میں مثالی تعمیر و ترقی ہوئی جبکہ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے گڈ گورننس، میرٹ کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کے علاوہ پورے آزاد کشمیر میں بلاتخصیص تعمیر و ترقی کیلئے جو اقدامات کئے وہ قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی حکومت پہلے سے زیادہ بااختیار ہے اور عوام کی خوشحالی اور ریاست کی ترقی اور خود کفالت کے حصول کیلئے پرعزم ہے۔

صدر ریاست نے کہا کہ تعمیر و ترقی کے معاملہ میں کوئی سیاست نہیں ہونی چاہئے کیونکہ سڑکیں، تعلیمی ادارے اور ہسپتال کسی ایک سیاسی جماعت یا سیاستدان کیلئے نہیں ہوتے بلکہ ریاست کے اندر رہنے والے تمام لوگوںکے اجتماعی فائدے کیلئے ہوتے ہیں جن پر سیاست کرنے سے ہم سب کو گریز کرنا چاہئے، اجتماعی مفاد کے تحفظ کیلئے مثبت سوچ پیدا کرنی چاہئے تاکہ ریاست کو معاشی اور سماجی طور پر ترقی دے کر آگے بڑھایا جائے، ہمیں ایک دوسرے کا راستہ روکنے کے بجائے جوابدہی کے عمل اور خود احتسابی کے کلچر کو فروغ دینا چاہئے۔

نیلم جہلم اور کوہالہ پن بجلی منصوبوں پر گفتگو کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ نیلم جہلم منصوبے سے پیدا ہونے والے ماحولیاتی اثرات اور عوامی تحفظات کو دور کرنے کیلئے کمیشن قائم ہو چکا ہے اور بیشتر امور کے بارے میں تجاویز پیش کی جا چکی ہیں اور کچھ تجاویز پر فوری طور پر عملدرآمد بھی ہو چکا ہے اور باقی عملدرآمد کیلئے کوششیں جاری ہیں جن کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہونے کی توقع ہے، کوہالہ پن بجلی منصوبہ بھی عوامی تحفظات دور کرنے کے بعد شروع ہونا چاہئے کیونکہ یہ منصوبہ ایک خاص مد ت کے بعد آزاد کشمیر کی ملکیت میں آنے کے بعد ہمارا قومی اثاثہ بنے گا، ہمیں ایسی کوئی بات نہیں کرنی چاہئے کہ جس سے اس قومی اثاثے کے ختم ہونے یا تاخیر کا شکار ہونے کے امکانات پیدا ہو جائیں لیکن یہ بات بھی اپنی جگہ حقیقت ہے کہ عوامی مفادات کا تحفظ بھی حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں حکومت اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔

آزاد کشمیر کے عبوری آئین میں 13ویں ترمیم پر چوہدری طارق فاروق کے خیالات کی تائید کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ اس ترمیم کے نتیجہ میں آزاد کشمیر حکومت کو منتقل ہونے والے اختیارات کو موثر انداز میں استعمال کرنے کے لیے ہمیں اپنی استعداد کار کو بڑھانا چاہئے۔ عشائیہ کی تقریب میں میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے وائش چانسلر ڈاکٹر حبیب الرحمان، کمشنر میرپور ڈویژن محمد طیب، ڈی آئی جی میرپور سردار گلفراز، چیئرمین ایم ڈی اے اعجاز رضا، سابق ممبر قانون ساز اسمبلی راجہ مقصود، سابق چیئرمین ضلع کونسل صوفی محمد رشید، چوہدری جہانگیر، ڈپٹی کمشنر سردار خالد محمود، ایس پی بھمبر اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

قبل ازیں سردار مسعود خان ایک روزہ دورے پر جب بھمبر پہنچے تو سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق، عوام علاقہ اور ضلعی و مقامی انتظامیہ کے حکام نے ان کا استقبال کیا۔ سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق نے صدر آزاد کشمیر کو ضلع بھمبر کی مجموعی طور پر تعمیر و ترقی، جاری ترقیاتی منصوبوں سمیت دیگر عوامی مسائل کے بارے میں صدر آزاد کشمیر کو بتایا کہ آزاد کشمیر کی حکومت تمام علاقوں میں تعمیر و ترقی اورعوامی خوشحالی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔