شیخ علائو الدین نے قائد عوام کی تقاریرکو خوشنماء انداز میں اجاگر کرکے حق ادا کردیا:سعید غنی

سیاسی یادیں اور ملاقاتیں" کی تقریب رونمائی آرٹ کونسل آف پاکستان کراچی میں منعقد کی گئی

پیر 22 اپریل 2019 17:25

شیخ علائو الدین نے قائد عوام کی تقاریرکو خوشنماء انداز میں اجاگر کرکے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی شہیدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو کے ابتدائی ایّام کے ساتھی شیخ علائودین کی کتاب " سیاسی یادیں اور ملاقاتیں" کی تقریب رونمائی آرٹ کونسل آف پاکستان کراچی میں منعقد کی گئی ۔تقریب میں مہمان خصوصی صوبائی وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ علائو دین کا پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق اُس وقت سے ہے جب یہ عوامی جمہوری پارٹی اپنی ارتقائی منازل طے کررہی تھی ،شیخ علائو دین نے اپنی سیاسی زندگی کی جدوجہد پر مشتمل کتاب میں قائد عوام کی ولولہ انگیز،مظلوم ومحروم عوام کے حقوق کی ترجمانی کی صدائیں بلند کرتی جوش وجذبے سے بھرپور تقاریرکو خوشنماء انداز میں اجاگر کرکے ایک نظریاتی کارکن ہونے کا حق اداکردیا ہے ،تقریب سے چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کتاب زندگی کی بہترین رفیق ہے ، ٹیکنالوجی کے جدید ترین دور میں جب بذریعہ انٹرنیٹ دنیا بھر کے علوم تک رسائی انتہائی آسان ہوچکی ہے، پھر بھی کتاب کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا ، دنیا بھر میں مختلف موضوعات پر بے شمار کتابیں لکھیں اور شائع کی جارہی ہیں ، سیاسیات کے موضوع پر شیخ علائو دین کی کتاب سیاسی یادیں اور ملاقاتیں طالب علموں کیلئے ایک نادر کتاب ہے اور ان لوگوں کیلئے بھی جو شہید بھٹو اور ان کے خاندان سے عقیدت اور محبت رکھتے ہیں ، یہ کتاب آئندہ آنے والی نسلوں کی سیاسی رہنمائی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے، دنیا میں وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو اپنے محسنوں کو یاد رکھتی ہیں ، شیخ علائودین کی سیاسی زندگی پر مشتمل سوانح حیات سیاسی کارکنوں کیلئے سرمایہ ہے، شیخ علائو دین مصنف کتاب نے اپنی کتاب کی تقریب رونمائی کے شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میری تمام زندگی سیاسی اسرارو رموز کو سیکھنے سمجھنے اور عوام کی خدمت میں پیش پیش رہنے والوں کی پیروی میں گزری ہے، میںساری زندگی عوام دوست جماعت پاکستان پیپلز پارٹی سے وابستہ رہا اور میری سیاسی زندگی قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی ولولہ انگیز قیاد ت کے زیر اثر گزری اور عوامی خدمت کے اس مقصد عظیم کی جدوجہد میں محترمہ بے نظیر بھٹو اور آصف علی زرداری کا بھی شریک سفر رہا اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا شریک سفر ہوں ۔

(جاری ہے)

میری سوانح حیات سیاسیات کے طالب علموں کی تربیت و رہنمائی کیلئے کارآمد ثابت ہوسکتی ہے، تقریب میں سینئر صحافی مظہر عباس ، صدر ضلع ایسٹ پی پی پی اقبال ساند ، کرم اللہ وقاصی، آصف خان، ذوالفقار قائمخانی ، گل ِ رانا، ڈاکٹر ایوب بلوچ و دیگرپی پی پی سینئر اور سیاسی و سماجی شوبز، صحافی ودیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعدادمیں شریک ہوئے ۔