تہاڑجیل میں فہمیدہ صوفی کی صحت تشویشناک حد تک بگڑ گئی ہے،

دختران ملت انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیمیںبیگناہ خواتین رہنمائوں کی رہائی کیلئے کردار ادا کریں،ترجمان رفعت فاطمہ

جمعرات 25 اپریل 2019 20:30

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2019ء) مقبوضہ کشمیر میں دختران ملت نے کہاہے کہ نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں غیر قانونی طورپر نظربند پارٹی رہنماء فہمیدہ صوفی کی صحت تشویشناک حد تک بگڑ گئی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دختران ملت کی ترجمان رفعت فاطمہ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ فہمیدہ صوفی جو پارٹی کی سربراہ آسیہ انداربی کی پرنسپل سیکریٹری بھی ہیں جیل میں مختلف امراض میں مبتلا ہو گئی ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ فہمیدہ صوفی جن کی عمر صرف تیس برس ہے جیل حکام کی طرف سے علاج معالجے اور ضروری ادویات کی عدم دستیابی کے باعث جوڑوں کے عارضے میں مبتلا ہو گئی ہیں۔ رفعت فاطمہ نے کہاکہ تین خواتین رہنمائوں آسیہ اندرابی ، فہمیدہ صوفی اور پارٹی کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین کو جیل میں علاج معالجے کی سہولتوں سے محروم رکھا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ بھارتی قابض انتظامیہ تمام حریت رہنمائوں کے ساتھ ناروا سلوک روا رکھے ہوئے ہے اوریاسین ملک کے ساتھ روا رکھے جانیوالا سلوک تشویشناک ہے اورانہیں متعدد دیگر علیل رہنمائوںکی طرف علاج معالجے کی سہولت سے محروم رکھا جارہا ہے۔

انہوںنے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ ان بے گناہ خواتین رہنمائوں کی رہائی کیلئے کردار ادا کریں۔