مقبوضہ کشمیر، میر واعظ کی سرینگر میںپابندیوں ، جامع مسجد کو سیل کرنے کی مذمت

ہفتہ 18 مئی 2019 12:09

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2019ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے قابض انتظامیہ کی طرف سے سرینگر میںپابندیوں کے نفاذ اور لوگوں کو شہر کی تاریخی جامع مسجد میں جمعہ کی نماز ادا کرنے سے روکنے کی شدید مذمت کی ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میر واعظ نے اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ قابض انتظامیہ نے رمضان کے مقدس مہینے میں بھی جامع مسجد سرینگر سیل کر دی اور اسکے اطراف میں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار کھڑے کر کے ہزاروں مسلمانوں سے یہاں عبادت کا حق چھین لیا ۔

میر واعظ نے لکھا کہ حکمرانوںکا یہ طرز عمل لوگوں کے مذہبی حقوق سے انکی سخت عداوت کو ظاہر کرتا ہے جو انتہائی قابل افسوس ہے۔ دریں اثنا حریت فورم کے ترجمان نے بھی ایک بیان میں کہا کہ رمضان المبارک میں عشرہ مغفرت کے آغاز پر جامع مسجد کو سیل کرنا مذہبی معاملات میں صریحاً مداخلت ہے۔ ترجمان نے کہا کہ رمضان المبارک میں جمعہ کی نماز کیلئے جامع مسجد میں لوگوں کا ایک تانتا بندھ جاتا ہے لیکن قابض انتظامیہ نے اس مقدس مہینے میں مسجد سیل کر دی جو انتہائی قابل مذمت ہے ۔