Live Updates

شنگھائی تعاون کی تنظیم کے پلیٹ فارم سے خیبر پختونخوا سمیت پاکستان کے دیگر صوبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ میں مدد ملے گی، پاکستانی عوام کے دلوں میں چینی حکومت اور اس کے عوام کا خاص مقام ہے،پاک چین دوستی سی پیک کی تعمیر سے مزید گہری اور مضبوط ہوگی‘ صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا

اتوار 19 مئی 2019 16:55

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2019ء) شنگھائی تعاون کی تنظیم جو کہ یورو ایشین سیاسی،اقتصادی اور سیکیورٹی اتحاد کے ممالک جن میں چین،پاکستان،روس،کرغستان،قزاقستان،ازبکستان،تاجکستان اور انڈیا شامل ہیںپر مشتمل ممالک کی علاقائی تنظیم ہے۔شنگھائی تعاون کی تنظیم کے مختلف نوعیت کے اجلاس ممبر ممالک میں منعقد ہوتے ہیںاس سلسلے میں خطے کے رہنمائوں کا اجلاس چین کے شہر چانگ کنگ میں منعقد ہوا۔

خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کی سربراہی میں پاکستان کے نمائندہ وفد نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔وفد میں بلوچستان کے وزیر مال سلیم احمد،ممبران پنجاب صوبائی اسمبلی ایم پی اے مامون تارڑ اور فیصل چیمہ شامل تھے۔اجلاس میں شنگھائی تعاون تنظیم کے ممبران ممالک کے 130 سے زائد مندوبین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مندوبین نے ممبر ممالک کے مابین باہمی تعلقات ،اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس موقع پر اجلاس سے خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ شنگھائی تعاون کی تنظیم یوروایشیائی ممالک کے مابین اقتصادی،سیاسی تعلقات اور امن و امان کے فروغ کے علاوہ ممبر ممالک میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے نے اور ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کے لئے بہترین فورم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اس کے عوام کے دلوں میں چینی حکومت اور وہاں کے عوام کا خاص مقام ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کی تعمیر سے نہ صرف پاکستان اور چین کے مابین تعلقات مضبوط ہوں گے بلکہ اس روٹ کی تعمیر سے خطے کے دیگر ممالک بھی اقتصادی ترقی کی دوڑ میں شامل ہوسکیں گے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت اور مثبت تعمیری سوچ کی بدولت آج پاکستا ن ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول قائم کیا گیا ہے اورخطے کے ممالک کے لئے پورے پاکستان میں سرمایہ کاری کے بھرپور مواقع موجود ہیں۔

تیمور سلیم نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ صوبہ سندھ جس کا دارالحکومت کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے جہاں پورے ملک کی اقتصادی ترقی کے لئے اہمیت کا حامل ہے۔جبکہ 11 کروڑ کی آبادی پر مشتمل صوبہ پنجاب جو کہ ایک ذرخیز صوبہ ہے اور پورے ملک کی غذائی ضروریات کو پورا کرتا ہے وہاں پر زراعت کے علاوہ صنعتی شعبے میں بھی سرمایہ کاری کے کثیر مواقع موجود ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ بلوچستان کے صوبے میں جہاںبے پناہ قدرتی وسائل موجود ہیں ان کی تلاش کے لئے صوبائی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے،انہوں نے کہا کہ گوادر کی زیر تعمیر بندرگاہ خطے کے ممالک کے لئے بحیرہ عرب کے پانیوں تک رسائی حاصل کرنے کے لئے موزوں ترین انتخاب ہے اور مستقبل قریب میں اس بندرگاہ کی اہمیت وافادیت میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔

خیبر پختونخوا سے متعلق شرکاء کو آگاہ کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ ہمارے صوبے میں گزشتہ 70 سالوں میں اس مرتبہ سب سے مستحکم حکومت آئی ہے جوتبدیلی کے ایجنڈے پر سب سے تیزی سے عمل پیرا ہے ۔صوبائی حکومت پائیدار پالیسیوںاور اصلاحات کی بدولت اداروں کی کارکردگی اور طرز حکمرانی کو بہتر بنانے اور صوبے کی معاشی حالت بدلنے کے لئے کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ باقی پاکستان کی طرح خیبر پختونخوا میں بھی بے پناہ کاروباری مواقع موجود ہیں،صوبے میں پن بجلی کی پیداوار کے وافر ذرائع موجود ہیں جنہیں استعمال میں لاتے ہوئے 30 ہزار میگا واٹ بجلی حاصل کی جاسکتی ہے۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ صوبہ معدنیات کے شعبے میں بھی قدرتی معدنی وسائل سے مالا مال ہے اوراس شعبے میں صوبے کو کثیر بین الاقوامی سرمایہ کاری متوقع ہے۔

وزیر خزانہ تیمور سلیم نے صوبے میں سیاحت کے حوالے سے بتایا کہ خیبر پختونخوا کا قدرتی حسن اور نظارے بین الاقوامی اور خطے کے سیاحوں کے لئے انتہائی پر کشش ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بے پناہ سرمایہ کاری کے حامل سیاحتی منصوبوں پر کام کررہی ہے اور اگلے پانچ سالوں میں صوبے میں 20 نئے سیاحتی مقامات قائم کرنے کے علاوہ دیگر کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات