چین سے پاکستانی دلہن نے ویڈیو پیغام جاری کر دیا

پاکستانی خاتون حنا پطرس نے اپنے چینی شوہر کے ہمراہ ویڈیو بنائی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 20 مئی 2019 10:41

چین سے پاکستانی دلہن نے ویڈیو پیغام جاری کر دیا
بیجنگ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 مئی 2019ء) :پاکستان میں چینی شہریوں سے پاکستانی لڑکیوں کی شادی ایک عام بات ہو گئی تھی ، لیکن حال ہی میں ان شادیوں کی آڑ میں کئے جانے والے گھناؤنے دھندے کے انکشافات نے عوام کو چوکنا کر دیا۔ چین میں پھسنی کئی لڑکیوں نے اپنے اہل خانہ سے رابطہ کر کے مدد کی اپیل کی تاہم اب چین سے ایک ایسی پاکستانی لڑکی کا ویڈیو بیان آیا ہے جو اپنی ازدواجی زندگی سے بے حد خوش ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی لڑکی حنا پطرس نے اپنے چینی شوہر کے ہمراہ ویڈیو پیغام جاری کیا۔ چین کے سفارت کار لیجیان زہآؤ نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر مینگورہ کی رہائشی پاکستانی خاتون حنا پطرس کی اپنے چینی شوہر کے ہمراہ ویڈیو بیان جاری کیا جس میں خاتون کا کہنا تھا کہ وہ چین میں بہت خوش ہیں اور سسرالیوں سمیت ہر جگہ انہیں عزت و تکریم سے نوازا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

ویڈیو میں پاکستانی خاتون نے کہا کہ میرا نام حنا پطرس ہے اور میں پاکستان سے تعلق رکھتی ہوں، اور میں مینگورہ سوات کی رہائشی ہوں۔ میری شادی چینی باشندے کے ساتھ ہوئی ہے جن کا نام وانگ ٹن چوئن ہے۔ میری شادی کو تقریباً پانچ ماہ ہونے والے ہیں، اللہ کا شکر ہے کہ ابھی تک سب کچھ ٹھیک جا رہا ہے۔ میں بہت خوش ہوں ، میرے سسرالی بہت اچھے ہیں۔ میرے شوہر میرا بہت خیال رکھتے ہیں۔

میں جب سے یہاں آئی ہوں،مجھے محسوس ہی نہیں ہوا کہ میں باہر سے آئی ہوں۔ اور مجھے اُمید ہے کہ میں آگے بھی خوش رہوں گے۔ چینی سفارت کار نے پاکستانی خاتون کی ویڈیو جاری کرتے ہوئے اپنے ٹویٹر پیغام میں لکھا کہ غیر قانونی شادی کے دھندے میں ملوث ہر شخص کو سخت سے سخت سزا دی جائے گی تاہم اب تک کی تحقیقات میں پاکستانی لڑکیوں کی جبری جسم فروشی یا اعضاء چوری کرنے کی خبریں جھوٹی ثابت ہوئیں اور اس حوالے سے کسی قسم کے شواہد نہیں ملے۔

خیال رہے کہ چینی باشندوں کی پاکستانی لڑکیوں سے شادیوں کے بعد چین میں ان سے جسم فروشی کی شکایات کے بعد اس وقت پاکستان کے سکیورٹی ادارے نہ صرف تحقیقات میں مصروف ہیں بلکہ پاکستانی اداروں نے مختلف کارروائیوں میں ایک درجن سے زائد چینی شہریوں کو گرفتار بھی کر لیا ہے۔ جبکہ کئی ایسی لڑکیاں بھی سامنے آئی ہیں جنہوں نے چینی شہریوں کے چنگل سے جان چھڑوا پر بھاگ نکلنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اس ضمن میں ایف آئی اے سمیت دیگر ادارے تحقیقات کر رہے ہیں۔