ہمارے اسلاف نے مودی کے بڑوں کو کلہاڑیوں سے مار بھگایا مودی کو بھی شکست دیں گے، ڈاکٹر خالد محمود خان

حکومت پاکستان ہندوستان کے مظالم کو دنیا میں بے نقاب کرتی اور تسلسل کے ساتھ کشمیر پالیسی جاری رکھتی تو آج کشمیر آزاد فضائوں میں سانس لے رہے ہوتے، امیر جماعت اسلامی آزاد جموںوکشمیر

بدھ 22 مئی 2019 23:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2019ء) جماعت اسلامی آزاد جموںوکشمیرکے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ کشمیری 200سال سے میدان جہاد میں ہیں ہمارے اسلاف نے مودی کے بڑوں کو کلہاڑیوں سے مار بھگایا مودی کو بھی شکست دیں گے ،حکومت پاکستان کا مسئلہ کشمیر کے حوالے سے موقف تو رہا لیکن پالیسی میں تسلسل نہ ہونے کے باعث کشمیرکی آزادی طویل تر ہوئی ،حکومت پاکستان ہندوستان کے مظالم کو دنیا میں بے نقاب کرتی اور تسلسل کے ساتھ کشمیر پالیسی جاری رکھتی تو آج کشمیر آزاد فضائوں میں سانس لے رہے ہوتے ،اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن نے تاریخ میں پہلی بار ہندوستانی مظالم اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر جامع رپورٹ شائع کی پاکستان کی وزارت خارجہ اس رپورٹ کو بھی دنیا کے سامنے کما حقہ پیش کرنے میں ناکام رہی ،ان خیالات کااظہار انہوں نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام شہید ملت میرواعظ مولانا محمد فاروق اور قائد حریت خواجہ عبدالغنی لون کی برسی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر دنیا کی وہ واحد تحریک ہے جس میں پی ایچ ڈی آزادی کے لیے قربان کیے ہیں ،ایک ایک دن میں درجنوں لاشیں اٹھائی ہیں ایسی تحریک اور ایسی قوم کو ہندوستان طاقت کی بنیاد پر غلا م نہیں رکھ سکتا ،کشمیر نے آزاد ہونا ہے یہ نوشتہ دیوار ہے اللہ کی نصرت اپنے وقت پر آئے گی اور کشمیر آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا ،انہوں نے کہاکہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی انتہا کررہا ہے بھارت کے مکروہ چہرے کو دنیا بھر میں بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے ،انہوں نے کہاکہ عالمی برادری ہندوستان کے جنگی جرائم پر خاموش رہنے کے بجائے کشمیریوں کو ان کا بنیادی اور پیدائشی حق فراہم کروانے میں اپنا کردار ادا کرے ،کشمیری امت مسلمہ کا حصہ ہیں او آئی سی کے رکن ممالک ہندوستان کا سیاسی اور معاشی بائیکاٹ کریں چونکہ بھارت کشمیریوں کو مسلمان ہونے کی سزا دے رہا ہے ،آزادکشمیر اور پاکستان کے عوام کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہیں جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوجاتا اس وقت تک کشمیریوں کے شانہ بشانہ رہیں گے ۔

۔۔۔شیراز راٹھور