Live Updates

صوبہ جنوبی پنجاب کے سیکرٹریٹ کے قیام سے وزیراعظم عمران خان کے الیکشن سے پہلے کے وعدے کی تکمیل ہوتی نظر آنے لگی ، طاہر بشیر چیمہ

جمعرات 23 مئی 2019 16:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2019ء) چیئرمین ایگزیکٹو کونسل صوبہ جنوبی پنجاب طاہر بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ یکم جولائی سے صوبہ جنوبی پنجاب کے سیکرٹریٹ کے قیام سے وزیراعظم عمران خان کے 2018کے الیکشن سے پہلے کے وعدے کی تکمیل ہوتی نظر آنے لگی ہے،جو پچھلی حکومتیں 70سالوں میں نہیں کر سکی۔یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا کارنامہ ہے، ایک الگ سیکرٹریٹ کے قیام کے لئے بنیادی ڈھانچے کی منظوری اور تمام ایس او پیز طے کر لئے گئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار چیئرمین ایگزیکٹو کونسل صوبہ جنوبی پنجاب طاہر بشیر چیمہ نے ڈی جی پی آر آفس میں صوبے کے قیام کی اب تک کی پیش رفت کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس میں میڈیا سے گفتگو میں کیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری،ممبران صوبائی اسمبلی نوابزادہ گزین عباسی ،شہاب الدین سہڑاور پیر سید علی شاہ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

چیئرمین طاہر بشیر چیمہ نے کہا کہ ایک سال میں ایگزیکٹو کونسل نے صوبہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کے ضمن میں تمام انتظامی ،قانونی،سیاسی اور معاشی رکاوٹوں کو دور کیا اور حال ہی میں قومی اسمبلی میں صوبہ جنوبی پنجاب کے حق میں متفقہ قراردار پاس ہوئی ، بہت جلد اس سلسلہ میں آئینی ترامیم بھی متعارف کرائی جائیں گی۔جس سے اس علاقوں کے لوگوں کو بنیادی سہولیات مقامی سطح پر میسر آ سکیں گی۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے لئے تمام محکموںکے افسران کے اختیارات،سہولیات اور مراعات طے کر لی گئی ہیں۔طاہر بشیر چیمہ نے کہا کہ الگ سیکرٹریٹ کے صدر مقام کا اعلان وزریراعظم عمران خان کریں گے۔انہوںنے کہا کہ انتظامی یونٹ کے زیادہ ہونے کا فائدہ وفاق کی مضبوطی کی صورت میں سامنے آئے گا اور ہمیں ایک بجائے کئی صوبے بنانے پر کوئی اختلاف نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ جنوبی پنجاب بہاولپور ،ڈیرہ غازی خان اور ملتان ڈویژن پر مشتمل ہو گا اور پنجاب کی کل آبادی کا33فیصد حصہ اس کے ثمرات سے مستفید ہو گا۔صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار وقت کے ساتھ ساتھ پنجاب کے نمبر ون وزیراعلی بن کر ابھریں گے۔پاکستان کے تمام وزرائے اعلی میںوزیراعلی پنجاب کی کارکردگی پچھلے نو ماہ میںسب سے اچھی رہی ہے اور وزیراعلی پنجاب کا تعلق بھی جنوبی پنجاب سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر ایم پی اے وزیراعلی پنجاب سے با آسانی کسی بھی وقت ملاقات کر سکتا ہے اوروہ ایک سچے ،دیانت دار اور محنتی شخصیت کے مالک ہیں ۔سمیع اللہ چوہدری نے کہا کہ پچھلے رمضان بازاروں اور موجودہ رمضان بازاروں میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں نمایاں فرق ہے جس کا کریڈٹ وزیراعلی پنجاب کو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے نو ماہ میں پنجاب اسمبلی میں ریکارڈ قانون سازی ہوئی ہے اور انشاء اللہ تعالی ہم کامیابی کے ساتھ اپنی معیشت کو بھی مستحکم کر لیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات