عوامی مجلس عمل کا محمد یوسف بچھ کے انتقال پر اظہار افسوس

بدھ 29 مئی 2019 14:04

سری نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2019ء) مقبوضہ کشمیر میںجموںوکشمیر عوامی مجلس عمل نے ممتاز کشمیری دانشور، مصنف اور سفارتکار محمد یوسف بچھ کے امریکہ میں انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کشمیر کاز کے لیے ان کی غیر معمولی خدمات پر انہیںشاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق عوامی مجلس عمل کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے سرینگر میں تنظیم کے صدر دفتر پر ایک تعزیتی اجلاس ہوا جس میں کہا گیا کہ مرحوم نے اپنی ابتدائی تعلیم تاریخی انجمن نصرة الاسلام کے سکول میں حاصل کی ہے اور وہ مہاجر ملت اورمفسر قرآن مولانا محمد یوسف شاہ کے معتمد خاص رہے ہیں۔

مرحوم کو قابض حکمرانوں نی1953ء میں حق گوئی کی پاداش میں جلا وطن کردیا اور انہو ں نے آزاد کشمیر میں اس وقت کے صدر مولانا محمد یوسف شاہ کے ایڈوائزر کے طورپر خدمات انجام دیں۔

(جاری ہے)

مرحوم 18سال تک اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ایڈوائزر بھی رہ چکے ہیں۔اجلاس میں کہا گیا کہ مرحوم اپنی پوری زندگی کشمیری عوام کی مبنی برحق جدوجہد کی وکالت کرتے رہے اور اقوام متحدہ میں اپنی ملازمت کے دوران بھی کشمیری کاز کو اجاگر کرتے رہے۔

اجلاس میں مرحوم کے انتقال پر ان کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہاگیا کہ مرحوم کو بے لوث خدمات اور قربانیوں کیلئے ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔۔ مرکزی جامع مسجد سرینگر میں مرحوم کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئی جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔