ضلع نیلم کو وزیراعظم آزادکشمیر اور سپیکر قانون ساز اسمبلی دونوں کی بھر پور توجہ، تائید اور حمایت حاصل ہے،زاہد امین کاشف

جمعرات 30 مئی 2019 18:13

نیلم ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2019ء) چیئرمین وزیراعظم معائینہ و عملدرآمد کمیشن زاہد امین کاشف نے کہا ہے کہ ضلع نیلم اس اعتبار سے خوش نصیب ہے کہ اسے وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیرراجہ محمد فاروق حیدر خان اور سپیکر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادردونوں کی بھر پور توجہ، تائید اور حمایت حاصل ہے۔سپیکر قانون ساز اسمبلی حلقے کے مسائل کے بروقت حل کیلئے بھر پورکوشاں ہیں ان کی کوششوں اور وزیراعظم کی دلچسپی سے نیلم کے حصے میں بڑے ترقیاتی منصوبہ جات کیلئے وافر ترقیاتی فنڈز فراہم کئے گئے۔

ان خیالات کا اظہار چیئرمین وزیراعظم معائینہ و عملدرآمد کمیشن زاہد امین کاشف نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز آٹھمقام میںضلعی انتظامیہ کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صرف شاہرات کے سیکٹر میں وزیر اعظم نے اربوں روپے ضلع نیلم کیلئے مختص کئے ہیں۔ شاہرات کے منصوبوں ، واٹر سپلائی سکیم آٹھمقام اور بجلی نظام کی بہتری کے منصوبوں پر بھر پور توجہ دی جا رہی ہے۔

تمام ترقیاتی ادارے بالخصوص محکمہ شاہرات، محکمہ تعمیرات عامہ، محکمہ برقیات اور تمام باقی محکمے دسمبر سے قبل منصوبوں کی پیش رفت کیلئے بھر پور محنت کریں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نیلم نے چئیرمین وزیراعظم معائینہ و عملدرآمد کمیشن زاہد امین کاشف کا نیلم آنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے آنے سے نہ صرف محکموں کے استعداد کار میں بہتری آئے گی بلکہ یہ انشاء اللہ نیلم کے مسائل کے حل کیلئے گورنمنٹ سے ہر ممکن تعاون کو یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے ضلع نیلم کے مسائل بارے چئیرمین معائنہ کمیشن کو تفصیلی بریفنگ دی اور نیلم کی طرف خصوصی توجہ دینے کی گزارش کی۔ انہوں نے کہا کہ سپیکر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر کی خصوصی دلچسپی سے نیلم میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہو رہے ہیںاور اربوں کے منصوبے جاری ہیں تا ہم ماضی کی پسماندگی کی وجہ سے ابھی بھی بہت کچھ کرنے کی گنجائش ہے۔ چئیرمین وزیراعظم معائینہ و عملدرآمد کمیشن زاہد امین کاشف نے محکمہ شاہرات، محکمہ تعمیرات عامہ، محکمہ جنگلات اور اے ڈی پی کے تحت بڑے منصوبہ جات و دیگر منصوبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔

ان منصوبوں میں واٹر سپلائی سکیم آٹھمقام، مٹو جاگراں پل، فلاکاں پل، پالڑی پل، سونسڑ روڈ، برقیات کی ورکشاپ سمیت کنڈل شاہی پاور ہاؤس اور نوسیری سے آٹھمقام روڈ کی مرمت شامل ہے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کے سربراہان سے تمام منصوبہ جات کی بریفنگ لی اور خامیوں کو جلد یکسو کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ دو مہینوں کے اندر اندر تمام ٹارگٹس کو مکمل کیا جائے اگلے جائزہ اجلاس میں رپورٹ پیش کی جائے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نیلم راجہ محمود شاہد، ایس پی نیلم ،معاون خصوصی ہمراہ سپیکر خواجہ بشیر احمد، چیئرمین نیلم ڈویلپمنٹ بورڈ ، چئیرمین بلدیہ آٹھمقام، مہتمم شاہرات عبد الماجد اعوان، مہتمم تعمیرات عامہ، مہتمم برقیات ،رینج آفیسر جاگراں اور جملہ ضلعی آفیسران موجود تھے۔