مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوجیوں نے سوپور میں ایک اور نوجوان کو شہید کر دیا

بدھ 12 جون 2019 14:35

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2019ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران بدھ کو سوپور میں ایک اور نوجوان کو شہید کردیا جس سے گزشتہ روز سے مقبوضہ علاقے میں شہید ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر چار ہوگئی۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوان کو سوپور کے علاقے واڑورہ میںجاری محاصرے اور تلاشی کی پرتشدد کارروائی کے دوران شہید کیا۔

(جاری ہے)

فوجیوں نے اسی علاقے میں گزشتہ شام ایک نوجوان کو شہید کیا تھا۔ قابض بھارتی فوجیوں نے ضلع شوپیاں کے علاقے ایونیرہ میں بھی گزشتہ روز تلاشی آپریشن کے دوران شاکر احمد اور سیار احمد نامی نوجوانوں کو شہید کیا تھا اوردو رہائشی مکانات تباہ کر دیئے تھے۔ دریں اثنا قابض انتظامیہ نے سوپور قصبے میں انٹرنیٹ سروس معطل کر دی ہے جبکہ سب ڈویژن سوپور میںتعلیمی ادارے بند رکھنے کے احکامات دیئے ہیں۔