Live Updates

وزیر اعظم آزا دکشمیرکی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس ،نیلم جہلم پراجیکٹ کے حوالہ سے بنائے گئے واٹر کمیشن کی رپورٹ کی توثیق

وفاقی حکومت کے تعاون سے آزاد کشمیر کے اندر چلنے والے منصوبہ جات کے جملہ معاملات بھی زیر غور لائے گئے نیلم جہلم پراجیکٹ کی تکمیل کے بعد مختلف مقامات پر خالی ہونے والی عمارات حکومت آزا دکشمیر کی تحویل میں دی جائیں گی ،اجلاس میں فیصلہ نیلم جہلم پراجیکٹ سے پیدا ہونے والے ماحولیاتی مسائل کے حل کے لیے ذاتی دلچسپی لینے پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے شکر گزار ہیں ،وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر

بدھ 12 جون 2019 20:12

وزیر اعظم آزا دکشمیرکی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس ،نیلم جہلم پراجیکٹ ..
مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2019ء) وزیر اعظم آزا دحکومت ریاست جموںوکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی زیر صدارت نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے تحت مکمل کیے جانے والے،جاریہ اور مجوزہ ذیلی منصوبہ جات،واٹر کمیشن کی رپورٹ، آئندہ کے لائحہ عمل اور آزاد کشمیر میں وفاقی حکومت کے تعاون سے چلنے والے منصوبہ جات کے حوالہ سے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں وفاقی سیکرٹری واٹرریسوریسز چوہدری محمد اشرف نے خصوصی طور پر شرکت کی۔اجلاس میںوفاقی حکومت نیلم جہلم پراجیکٹ کے حوالہ سے بنائے گے واٹر کمیشن کی رپورٹ کی توثیق کر دی گئی۔اجلاس میں وزیر تعلیم بیرسٹر افتخار گیلانی،چیف سیکرٹری آزاد کشمیر مطہر نیاز رانا،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر سید آصف حسین ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل فرحت علی میر،سیکرٹری مالیات محمد فرید تارڑ ،سیکرٹری سروسز چوہدری لیاقت حسین اور سیکرٹری قانون ارشاد احمد قریشی نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وفاقی حکومت کے تعاون سے آزاد کشمیر کے اندر چلنے والے منصوبہ جات کے جملہ معاملات بھی زیر غور لائے گئے ۔وزیر اعظم آزاد کشمیر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیلم جہلم پراجیکٹ سے پیدا ہونے والے ماحولیاتی مسائل کے حل کے لیے ذاتی دلچسپی لینے پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے شکر گزار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی ، ای فلو میں اضافے اور جھیلوں کی تعمیر سے بڑی حدتک ماحولیاتی مسائل کا تدارک ہوگا۔

محکمہ آبی وسائل کی جانب سے آزاد کشمیر کے مسائل کوسمجھنا اور ان کے حق میں سفارشات پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔آبی معاملات کا حل قومی مفاد میں ہے کوئی ایسا تاثر نہیں دینا چاہتے جس سے ملکی مفاد متاثر ہو۔پاکستان کا مفادمقدم ہے ۔ واپڈاکی جانب سے جن منصوبہ جات کے لیے فنڈز ریلیز کیے گئے ہیں محکمہ جات کو ہدایت کر دی گئی ہے کہ جلد ازجلد مکمل کر یں۔

سیکرٹری واٹر ریسورسز (آبی وسائل )نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے خصوصی طور پر ہدایت کی ہے کہ آزاد کشمیر حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے آبی وسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اور آبی معاملات پر آزاد کشمیر حکومت سے مشاورت یقینی بنائی جائے ۔میگا پراجیکٹس کی تعمیر سے آزا دکشمیر کی معاشی ترقی کی رفتار تیز تر ہوگی ۔سی پیک میں آزادکشمیر کی شمولیت سے آزاد کشمیر ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہوگا۔

واٹر ویوز چارجز سے آزا دکشمیر مالی طور پر مستحکم ہوگا۔ حکومت پاکستان اور پاکستان کی عوام ملکی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے آزادکشمیر کے لوگوں کی قربانیاں اور پاکستان کے ساتھ محبت پر انکے تہہ دل سے شکر گزار ہیں ۔وزیر اعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر کی حکومت اور عوام میگا پراجیکٹس کے مخالف نہیں ہیں سی پیک کا آزاد کشمیر میں آنا یہاں ترقی اور روزگار کا باعث بنے گا۔

کوہالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے معاہدہ میں حکومت پاکستان کو بطور گارنٹر شامل کریں گے ۔ ماحولیاتی مسائل کے حل کے لیے حکومت پاکستان اور آزا دکشمیر ملکر کام کررہے ہیں ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا نیلم جہلم پراجیکٹ کی تکمیل کے بعد مختلف مقامات پر خالی ہونے والی عمارات حکومت آزا دکشمیر کی تحویل میں دی جائیں گی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات