Live Updates

وفاقی حکومت بجٹ منظوری کے لیے اتحادیوں کے دباؤ میں آنے لگی

ایم کیو ایم کو ایک اور وزارت دینے کا فیصلہ اور اتحادیوں کو قریب رکھنے کی کوششیں تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 19 جون 2019 10:32

وفاقی حکومت بجٹ منظوری کے لیے اتحادیوں کے دباؤ میں آنے لگی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جون 2019ء) : اتحادیوں کے بوجھ تلے دبی وفاقی حکومت نے ایم کیو ایم کو ایک اور وزارت دینے کا فیصلہ کر لیا جبکہ دیگر اتحادی جماعتوں سے بھی رابطے مزید تیز کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اتحادی جماعتوں کے اپوزیشن سے رابطے اور بجٹ منظوری میں ممکنہ رکاوٹ کے پیش نظر وفاقی حکومت نے دباؤ میں آ کر ایم کیو ایم کو ایک اور وزارت دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

اسی دباؤ کے پیش نظر وفاقی حکومت اس خدشے کا شکار ہو گئی ہے کہ اتحادی جماعتوں کی اپوزیشن جماعتوں سے قربت انہیں مہنگی پڑ سکتی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ اتحادیوں کو اپنے ساتھ رکھنے اور ان کی مکمل حمایت حاصل کرنے کے لیے ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی سید امین الحق کو کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ فیصلہ وزیر اعظم عمران خان سے گورنر سندھ اور وفاقی وزیر برائے قانون فروغ نسیم کی ملاقات کے بعد کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق امین الحق کو ہاؤسنگ کی وزارت دئے جانے کا امکان ہے۔ یاد رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم کی وزیرِ اعظم آفس میں ملاقات گذشتہ رات ہوئی ۔ملاقات میں ایم کیو ایم کو ایک اور وزارت دینے پر اتفاق کے ساتھ ساتھ میئر کراچی اور میئر حیدرآباد کو مالی پیکیج دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے وفاقی وزیرِ قانون فروغ نسیم اور گورنر سندھ عمران اسماعیل پر مشتمل کمیٹی کو ٹاسک دے دیا ہے۔ اس حوالے سے قائم کی گئی کمیٹی دو دن میں طریقہ کار وضع کرکے وزیرِ اعظم کو اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ اس ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان نے میئر کراچی اور میئر حیدر آباد کو با اختیار بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

انہوں نے جمہوری عمل میں ایم کیو ایم کے کردار کی بھی تعریف کی اور کہا کہ کراچی ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے اسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ دوسری جانب بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کو بھی منانے کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ دن بدن اختر مینگل کی اپوزیشن جماعتوں سے قربت میں اضافہ ہو رہا ہے جو حکومت کے لیے درد سر بن رہا ہے۔ قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث کے دوران حکومت کو اتحادیوں کی حمایت اور سپورٹ درکار ہے یہی وجہ ہے کہ ایم کیو ایم اور بی این پی مینگل کے علاوہ بھی حکومت نے دیگر اتحادی جماعتوں سے روابط اور ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات