چور حکومت کا ہو یا اپوزیشن کا چور ہوتا ہے، احتساب سب کا ہونا چاہیے

نیب، سپریم کورٹ اور حکومت نے پاناما پیپرز میں شامل سارے لوگوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی

Sajjad Qadir سجاد قادر ہفتہ 22 جون 2019 06:57

چور حکومت کا ہو یا اپوزیشن کا چور ہوتا ہے، احتساب سب کا ہونا چاہیے
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جون2019ء)   بجٹ ہے کہ پاس ہونے کا نام ہی نہیں لے رہا۔اگرچہ حکومت اس حوالے سے مطمئن ہے مگر اپوزیشن نے ایکا کرتے ہوئے بجٹ پاس نہ ہونے دینے کی قسم کھا لی ہے۔آصف زرداری اور شہباز شریف تو اسمبلی میں اپنی تقاریر میں یہ واضح کر چکے ہیں کہ یہ بجٹ عوام دشمن ہے جسے کسی صورت پاس نہیں ہونے دیا جائے گا۔تاہم امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے بھی حایہ بجٹ مسترد کر دیا ہے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ بجٹ غریب کی جھونپڑی پر خودکش حملہ ہے، بجٹ پر ہمارے ساتھ پانچ منٹ کی مشاورت بھی نہیں ہوئی، بجٹ میں صرف ریونیو کلیکشن کی بات ہے، جبکہ اسد عمر کو ہٹاکر آئی ایم ایف کا کارندہ بٹھایا گیا۔سینیٹ میں بحث کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ یہ تاریخ کا واحد بجٹ ہے جس پر سب کا اتفاق ہے کہ اسے مسترد کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ سرفراز کی قیادت میں کرکٹ ٹیم نے جس طرح شکست کھائی ہے اس سے بڑھ کر شکست ہماری معاشی ٹیم نے کھائی ہے۔یہ بجٹ غریب عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ہے، یہ شیطانی اور دجالی جال ہے جس میں ہم پھنس گئے ہیں۔سراج الحق نے کہا کہ بجٹ پاس ہوتا ہے تو نہ صرف جرائم میں اضافہ ہوگا بلکہ کرپشن اور غربت بھی بڑھے گی، پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ نے 10 سال میں جتنا قرض لیا پی ٹی آئی نے 10 ماہ میں ان سے زیادہ قرضہ لیا، 10 مہینوں میں 5 لاکھ افراد بے روز گار ہوگئے، آج کسان، مزدور، طالب علم رو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سمجھ نہیں آتا کہ سیمنٹ کی قیمت میں کیوں اضافہ ہوا؟ سیمنٹ جس پتھر سے بنتا ہے اس کے یہاں بڑے بڑے پہاڑ ہیں اسی طرح چینی کی قیمت بڑھا کر ملز مالکان کو فائدہ پہنچایا گیا، اس کی تحقیقات کے لیے بھی کمیشن بنایا جائے، حکومت نے ایچ ای سی کے بجٹ میں 50 فیصد کمی کردی اور اب ایچ ای سی نے فیسوں میں اضافے اور لوگوں کو نکالنے کا عندیہ دے دیا ہے۔

حکمران ہر جگہ کہتے ہیں ہماری قوم ٹیکس چور ہے حالانکہ مزدور بھی 42 قسم کا ان ڈائریکٹ ٹیکس ادا کر رہا ہے۔سراج الحق نے کہا کہ احتساب کا آغاز اپنی پارٹی سے ہونا چاہیے، چور حکومت کا ہو یا اپوزیشن کا ہو چور ہوتا ہے احتساب سب کا ہونا چاہیے، پاناما پیپرز کے 436 افراد کا بھی احتساب کیا جائے، آج تک نیب، سپریم کورٹ اور حکومت نے پاناما پیپرز میں شامل باقی لوگوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔سراج الحق کاکہنا تھا کہ حالیہ بجٹ میں غریب عوام کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے ان پر ٹیکسوں کو اتنا بوجھ ڈال دیا ہے کہ وہ غربت کی لکیر سے اور بھی نیچے چلے گئے ہیں۔اس لیے حکومت کوبجٹ پر نظر ثانی کرنی چاہیے اور غریبوں کے لیے ٹیکس میں چھوٹ دینی چاہیے۔