Live Updates

امیر قطر کی جانب سے پاکستان میں براہ راست سرمایہ کاری اور ڈیپازٹس کیلئے 3 ارب امریکی ڈالر کی فراہمی کے اعلان پر پاکستان کے عوام اور حکومت ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں،

یہ نئی پاک قطر ملکیت (اونر شپ) کے رشتے کا آغاز ہے جو دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا، وزیراعظم عمران خان پوری دنیا میں پاکستان کے تشخص، وقار، قومی سلامتی اور دفاع کا مقدمہ لڑ رہے ہیں، پوری دنیا عمران خان پر اعتماد کر رہی ہے اور عالمی قیادت وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستان کو تنہا کرنے اور دیوار سے لگانے کا خواب دیکھنے والوں کو ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملا اور نہ ہی ملے گا، اسٹیٹس کو کا خاتمہ وزیراعظم عمران خان کا وژن اور پی ٹی آئی کی اولین ترجیح ہے، ایم این ایز کے ووٹوں سے منتخب ہونے والے وزیراعظم کو سلیکٹڈ کہنے والے نہ صرف ان کی بلکہ پوری پارلیمان کی توہین کرتے ہیں، پارلیمنٹیرین ہوتے ہوئے ان کا فرض ہے کہ وہ ووٹ کو عزت دیں، طویل المدتی اور پائیدار روڈ میپ پر محیط اشتہارات پالیسی کے ڈرافٹ کو تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد حتمی شکل دی جائے گی، جولائی کے دوسرے ہفتے میں اشتہارات و سوشل میڈیا پالیسی کابینہ میں پیش کی جائے گی وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا سی پی این ای کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو

پیر 24 جون 2019 19:56

امیر قطر کی جانب سے پاکستان میں براہ راست سرمایہ کاری اور ڈیپازٹس کیلئے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2019ء) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے امیر قطر کی جانب سے پاکستان میں براہ راست سرمایہ کاری اور ڈیپازٹس کے لئے 3 ارب امریکی ڈالر کی فراہمی کے اعلان پر پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ نئی پاک قطر ملکیت (اونر شپ) کے رشتے کا آغاز ہے جو دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا، وزیراعظم عمران خان پوری دنیا میں پاکستان کے تشخص، وقار، قومی سلامتی اور دفاع کا مقدمہ لڑ رہے ہیں، پوری دنیا عمران خان پر اعتماد کر رہی ہے اور عالمی قیادت وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے، امیر قطر کا دورہ پاکستان بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، پاکستان کو تنہا کرنے اور دیوار سے لگانے کا خواب دیکھنے والوں کو ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملا اور نہ ہی ملے گا،، اسٹیٹس کو کا خاتمہ وزیراعظم عمران خان کا وژن اور پی ٹی آئی کی اولین ترجیح ہے، ایم این ایز کے ووٹوں سے منتخب ہونے والے وزیراعظم کو سلیکٹڈ کہنے والے نہ صرف ان کی بلکہ پوری پارلیمان کی توہین کرتے ہیں، پارلیمنٹیرین ہوتے ہوئے ان کا فرض ہے کہ وہ ووٹ کو عزت دیں، طویل المدتی اور پائیدار روڈ میپ پر محیط اشتہارات پالیسی کے ڈرافٹ کو تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد حتمی شکل دی جائے گی، جولائی کے دوسرے ہفتے میں اشتہارات و سوشل میڈیا پالیسی کابینہ میں پیش کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان پیر کو کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کر رہی تھیں۔ سیکریٹری وزارت اطلاعات و نشریات زاہدہ پروین، پی آئی او طاہر خوشنود کے علاوہ سی پی این ای کی مرکزی قیادت اور سی پی این ای کے قومی و علاقائی اخبارات کے ممبران کی کثیر تعداد اجلاس میں شریک تھی۔

قائمہ کمیٹی کے اجلاس کی صدرت سی پی این ای کے صدر عارف نظامی نے کی جس میں گذشتہ اجلاس کی کارروائی کی منظوری، سی پی این ای کی سرگرمیوں اور پراجیکٹس کی رپورٹ اور جائزہ، سی پی این ای کی ذیلی کمیٹیوں کی تشکیل، ویج بورڈ کے حوالے سے امور، آزادی صحافت، اخباری اداروں میں مالی بحران اور اخبارات کی تقسیم کے مسائل، حکومت میڈیا تعلقات اور تنظیمی امور پر غور کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر عاشق فردوس اعوان نے کہا کہ حکومتی ترجمان اس وقت تک موثر اور فعال نہیں ہو سکتا جب تک میڈیا اور حکومت کی ترجمانی مساوی طور پر نہ کرے، میڈیا کو یقین دلاتے ہیں کہ وزیراعظم میڈیا کو ہمیشہ اپنی طاقت مانتے ہیں اور یہی رابطے کا واحد ذریعہ ہے جس سے حکومت اپنا بیانیہ عوام تک پہنچا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ذمہ میڈیا کے اشتہارات کے بقایا جات کی ادائیگی کے لئے مشاورت کے بعد ایک حکمت عملی واضح کی گئی ہے، اسی کے مطابق حکومت عمل پیرا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کو الیکٹورل پراسیس سے باہر رکھنے کے لئے چند شخصیات کی جانب سے اپنی خود نمائی کو فروغ دینے کے لئے جو اشتہارات دیئے گئے تھے، موجودہ حکومت ان ادائیگیاں کر رہی ہے، حکومت کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہے، میڈیا کے مسائل حل کرنے کیلئے پرعزم ہیں، وزیراعظم عمران خان میڈیا کی توقعات پوری کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا ورکرز ہمیشہ وزیراعظم عمران خان کے دل کے قریب رہے ہیں، موجودہ صورتحال میں ملک کے رہنما کے دل میں میڈیا ورکرز کیلئے ہمدردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شوکت خانم اور دیگر منصوبوں کی تکمیل میڈیا کے تعاون سے ہی ممکن ہوئی، کسی بھی شعبے میں اختلافات سے مسائل کا حل نہیں نکلتا، میڈیا ورکرز کے تمام مسائل مشاورت سے حل کرنے کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا کے لئے فنڈز مشاورت سے جاری کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پرنسپل انفارمیشن آفیسر (پی آئی او) کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ میڈیا کے لوگوں اور میڈیا تنظیموں کے ساتھ مل بیٹھ کر مسائل کے حل کے لئے لائحہ عمل مرتب کریں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سوشل میڈیا بھی آج کے دور میں انفارمیشن پھیلانے کا بہت بڑا ذریعہ ہے، صحافتی تنظیمیوں کے ساتھ مل کر سوشل میڈیا پالیسی بھی ترتیب دی جائے گی۔

فیک نیوز بھی آج کے دور میں بہت بڑا چیلنج ہے، میڈیا تنظیمیں فیک نیوز کی روک تھام کے لئے حکومت کا ساتھ دیں۔ اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ دنیا کو پرامن بنانے کے لئے پاکستانی عوام نے دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ لڑی جس میں پاکستان کی مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکورٹی فورسز و عوام نے بے پناہ قربانیاں دیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے قیمتی جانوں کے ساتھ ساتھ معاشی شعبہ میں بھی بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرتے ہوئے دنیا کو پاکستان کی قربانیوں سے آگاہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امیر قطر کا دورہ پاکستان وزیراعظم کی کامیاب پالیسیوں کا عکاس ہے، وزیراعظم پاکستان کی عالمی تجارت کو فروغ دینا چاہتے ہیں، مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے قطر کا اہم کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ دور حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہو چکا تھا، وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کو عالمی تنہائی سے نجات دلائی۔ انہوں نے کہا کہ امیر قطر نے بھاری سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے جو وزیراعظم کی قیادت پر اعتماد کا مظہر ہے۔ پاکستان کی قطر کے ساتھ نئی شراکت داری دوطرفہ تعلقات کا نیا آغاز ہے، وزیراعظم عمران خان کی عوام اور ملک کے مفاد میں ایک اور کوشش رنگ لائی ہے، بہت جلد پاکستان کو درپیش اقتصادی چیلنجز سے کامیابی سے نمٹیں گے جس کے بعد بہت جلد پاکستان دنیا میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر لے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری سے معاشی خسارے سے نکلنے میں مدد ملے گی۔ موجودہ حکومت نے مذہبی اور دیگر سیاحتی مقاصد کیلئے ویزوں کا اجراء آسان بنایا ہے، اس کے علاوہ سیاحت کے شعبے کے فروغ کیلئے حکومت نے مختلف مراعات کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے پاکستان کو سفر کیلئے محفوظ ترین ملک قرار دیا ہے، اقوام متحدہ کی جانب سے پاکستان کو فیملی سٹیٹس دینا اعتماد کا مظہر ہے، پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں میڈیا اور دیگر اداروں نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قطر پاکستان سے افرادی قوت کی تعداد بڑھانے پر متفق ہے۔ قطر نے پاکستانی چاول کی درآمد پر عائد پابندیاں ہٹا دی ہیں، پابندیاں ہٹنے سے پاکستانی باسمتی چاول قطر اور دیگر مشرقی وسطیٰ کے ممالک میں جائے گا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اپوزیشن دو مختلف بیانیوں میں دھنس چکی ہے اور اس میں مزید تفریق آ رہی ہے، الیکشن جہاں سے ہارے وہاں کہتے ہیں سلیکشن ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک وقت میں دو رائے ہو نہیں سکتی، اس کنفیوژن سے قوم کو نکالنا ضروری تھا، عمران خان ایم این ایز کے ووٹوں سے وزیر اعظم بنے ہیں، سلیکٹڈ کہہ کر نہ صرف ان کی بلکہ پورے پارلیمان کی توہین کی گئی ہے اور پارلیمنٹ کا تقدس پامال کیا گیا ہے، پارلیمنٹیرین ہوتے ہوئے ان کا فرض ہے کہ وہ ووٹ کو عزت دیں۔ اس موقع پر سیکریٹری وزارت اطلاعات و نشریات زاہدہ پروین نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد علاقائی اخبارات کے امور صوبوں کے پاس چلے گئے ہیں لیکن اس کے باوجود وفاقی حکومت نے مجموعی اشتہارات میں 25 فیصد کوٹہ علاقائی اخبارات کے لئے رکھا ہے اور اس پر عمل درآمد بھی ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ علاقائی اخبارات کی اشاعت کے مطابق طے شدہ رولز کے تحت مساوی اشتہارات دیئے جا رہے ہیں، ادائیگی میں تاخیر کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ پی آئی ڈی کو اشتہارات کے بل تاخیر سے ملتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پہلے تو اشتہارات کی مد میں ادائیگی براہ راست میڈیا ہائوسز کو ہوتی تھی بعد ازاں اس میں تبدیلی لائی گئی۔ پرنسپل انفارمیشن آفیسر طاہر خوشنود نے کہا کہ پی آئی ڈی اشتہارات کی ادائیگی کو تیز اور بہتر کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یکم جولائی سے پی آئی ڈی کی ویب سائیٹ پر اپ لوڈ ہونے والے اشتہارات کا ڈی او آر 15یوم میں خودکار نظام کے ذریعے جاری ہوگا، ہماری کوشش ہے کہ اشتہارات کی ادائیگی جلد از جلد کی جائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات