Live Updates

موجودہ حکومت کے دور میں پی پی ،(ن) اورجے یو آئی (ف) کا ’’ کرپشن مارکہ چورن ‘‘ نہیں بکے گا‘ ہمایوں اختر خان

نواز شریف ،ذوالفقار بھٹو کیسے اقتدار میں آئے سب کو معلوم ہے،عمران خان کو اقتدار23سالہ لازوال جدوجہد کے نتیجے میں ملا حلقہ این اے 131کے رہنمائوں سے ملاقات میں گفتگو ، دیرینہ مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ،حلقے کا دورہ بھی کیا

بدھ 26 جون 2019 14:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیںآل پارٹیز کانفرنس کی آڑ میں اقتدار تک پہنچنے کے راستے کی تلاش اور اپنی کرپشن بچانے کیلئے سوچ بچا ر کی بجائے ملک کو تنزلی کی دلدل میں دھکیلنے کا اعتراف کر کے قوم سے معافی مانگتیں تو شاید ان کی مردہ سیاست کو سانسیں مل جاتیں،مسلم لیگ (ن) ، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی (ف) جو مرضی کر لے موجودہ حکومت کے دور میں ان کا ’’ کرپشن مارکہ چورن ‘‘ نہیں بکے گا بلکہ انہیں قومی دولت کی لوٹ مار کا حساب دینا ہوگا ۔

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے اپنی رہائشگاہ پر حلقہ این اے 131سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنمائوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ہمیں اپوزیشن کی میں نہ مانوں کی رٹ سے کوئی خوف اور سروکار نہیں کیونکہ وزیر اعظم عمران خان کی حکومت کو پوری دنیا تسلیم کرتی ہے ۔(ن) لیگ والے بتائیں 1985ء میں کون ضیاء الحق کی انگلی پکڑ کر سیاست میں آیا اور ملک کے سب سے بڑے صوبے کا وزیر اعلیٰ بنا دیا گیا ۔

یہی سوال پیپلز پارٹی والوںسے بھی ہے کہ 1958میں ایوب خان کی کابینہ میں 19حاضر سروس جرنیلوں کے ساتھ ایک سویلین شخص کون تھا ،وہ پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو تھے ۔ عمران خان اپنی 23سالہ لازوال جدوجہد کے نتیجے میں حکومت میں آئے ہیں اور دونوں جماعتیں عمران خان کی جہدوجہد پر انگلی نہیں اٹھاسکتیں ۔ ہمایوں اختر نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان جب این آر او نہ دینے کی بات کرتے ہیں تو اس کا مقصد یہ ہے کہ ہم ایسا کوئی اقدام نہیں کریں گے جس سے ملک و قوم کا خون چوسنے والوں کومعافی اور رعایت ملے ، ملک میں عدالتیں موجود ہیں اور ان کے کیسز زیر سماعت ہیں،موجودہ حکومت نے دونوں جماعتوں کی قیادت اور رہنمائوں پر ایک بھی مقدمہ قائم نہیں کیا ، نواز شریف پر مقدمہ ان کے اپنے دور میں بنا او روہ نا اہل ہوئے جبکہ آصف زرداری نواز شریف کے بنائے ہوئے مقدمے سے مستفید ہو رہے ہیں۔

اس موقع پر ہمایوں اختر خان نے رہنمائوں سے حلقے کے مسائل کے حوالے سے آگاہی حاصل کی اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ دیرینہ مسائل حل کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ۔ بعد ازاں ہمایوںاختر خان نے حلقے کا دورہ کر کے لوگوں سے ملاقاتیں کیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات