Live Updates

عمران خان کو این آر اوکی ضرورت ہے اپوزیشن کونہیں

کسی بھی اپوزیشن ممبر نے این آر او یا پیسے دینے کی بات نہیں کی،بلاول بھٹو

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعہ 12 جولائی 2019 06:34

عمران خان کو این آر اوکی ضرورت ہے اپوزیشن کونہیں
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار۔ تازہ ترین۔ 12 جولائی2019ء)   ڈیل ،ڈھیل اور این آر او سے لے کر معاملہ پلی بارگین تک آ چکا ہے۔اپوزیشن ہو یا حکومت ہر طرف سے این آر او اور ڈیل کی بازگشت سنائی دیتی ہے مگر سمجھ سے یہ بالاتر ہے کہ کون این آر او لینا چاہتا ہے ا ور کون دینا چاہتا ہے۔وزیراعظم عمران خان صاحب اپنے ہر ٹاک شو اور میڈیا گفتگو میں یہی کہتے نظر آتے ہیں کہ وہ این آر او نہیں دیں گے مگر آج تک یہ بات بتانے سے قاصر ہیں کہ ان سے این آر او مانگا کس نے ہے۔

دوسری طرف اپوزیشن حکومت پر یہ الزام عائد کرتی نظر آتی ہے کہ خود حکومت کو ہی این آر او کی ضرورت ہے اور وہ این آر او کرنا چاہتی ہے ہمیں نہ این آر او کی ضرورت ہے اور نہ ہم لینا چاہتے ہیں۔اب معاملہ کچھ بھی سمجھ نہیں آتا کہ این آر او کیا ہے اور کون لینا چاہتا ہے اور کون دینا نہیں چاہتا۔

(جاری ہے)

تاہم اس این آر او کی آواز بار بار سنائی دیتی ہے۔گزشتہ روز بھی چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے یہی الفاظ دہراتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو این آر او کی ضرورت ہے اسی لیے وہ بار بار این آر او کہتے نظر آتے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عمران خان اپنی حکومت کیلئے پلی بارگین مانگتے رہتے ہیں۔ این آر او کی ضرورت اپوزیشن کو نہیں، ان کو ہے۔سکھر میں میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کسی بھی اپوزیشن ممبر نے این آر او یا پیسے دینے کی بات نہیں کی لیکن عمران خان ہر دفعہ یہ بات کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مڈٹرم الیکشن کا مطالبہ کرنے سے پہلے الیکشن ریفارمز کرنی چاہیے۔

اگر الیکشن ریفارمز کے بغیر الیکشن ہوگا تو فائدہ نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کا ساتھ دیا ہے۔ شہیدوں کے خون سے سودے بازی نہیں کرونگا۔ امید کرتا ہوں کہ حاصل بزنجو چیئرمین سینیٹ منتخب ہو جائیں گے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو اخلاقی طور پر مستعفی ہو جانا چاہیے تھا۔ نیا چیئرمین سینیٹ اتفاق رائے سے لانا اپوزیشن کا حق ہے۔ حکومت نے اگر سینیٹ الیکشن میں دھونس اور دھاندلی کی کوشش کی تو بے نقاب کریں گے۔تاہم بلاول بھٹو نے یہ واضح کرتے ہوئے کہا کہ نہ تو ہمیں این آر او کی ضرورت ہے اور نہ ہی ہم حکومت کے ساتھ این آر او کریں گے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات