وہاڑی کے علاقہ لڈن میں لگنے والی جنوبی پنجاب کی سب سے بڑی منڈی مویشیاں میں سہولیات کا فقدان

بیوپاریوں سے ایکسٹرا چارجز کی وصولی بھی جاری، منڈی میں بیوپاریوں اور جانوروں کیلئے پانی اور دیگر سہولیات موجود نہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 12 جولائی 2019 17:02

وہاڑی کے علاقہ لڈن میں لگنے والی جنوبی پنجاب کی سب سے بڑی منڈی مویشیاں ..
وہاڑی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12جولائی 2019ء، نمائندہ خصوصی، منور حُسین رجانہ ) وہاڑی کے نواحی علاقہ لڈن میں لگنے والی جانوروں کی منڈی جنوبی پنجاب کی سب سے بڑی منڈی مانی جاتی ہے۔ مگر اس مویشی منڈی میں سہولیات کا شدید فقدان ہے۔ یہاں پر بیوپاریوں سے ایکسٹرا چارجز کی وصولی بھی جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق وہاڑی کے نواحی علاقہ لڈن میں جنوبی پنجاب کی سب سے بڑی منڈی مویشیاں میں ہر بُدھ کے دِن کروڑوں روپے کا کاروبار ہوتا ہے لیکن اس منڈی مویشیاں میں سہولیات کا فقدان ہے۔

منڈی کے ٹھیکے دار کی طرف سے بیوپاریوں سے شیڈول سے تین گنا زیادہ پیسے وصول کرکے لوٹا جارہا ہے جبکہ منڈی میں نہ پینے کے صاف پانی کا انتظام ہے اور نہ ہی کوئی دیگر سہولت۔ سخت گرمی میں انسان اور جانور کھلے آسمان تلے کھڑے رہتے ہیں جبکہ ان دنوں عید قربان کی وجہ سے منڈی میں اور بھی رش بڑھ چکا ہے لیکن سیکیورٹی کا نام ونشان تک نہ ہے۔

(جاری ہے)

منڈی انتظامیہ اور مقامی پولیس کی ملی بھگت سے منڈی مویشیاں میں سادہ لوح لوگوں کو لوٹنے والا نوسر باز گروہ بھی سرگرم ہوچکا ہے اور ہر منڈی کے دن متعدد بیوپاری اپنے لاکھوں روپے سے محروم ہوجاتے ہیں جس پر بیوپاریوں نے احتجاج کرتے ہوئے اعلی حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ وہ آئے روز کی وارداتوں سے تنگ ہو چکے ہیں۔ اگر یہی سلسلہ جاری رہا تو وہ جانوروں کی خرید و فروخت کا کام چھوڑ دیں گے۔ یہ کسی بہتر انتظامات والی منڈی کا رُخ کریں گے۔