Live Updates

جس دن ضمیر پربوجھ ہوا، خود ہی استعفیٰ دے دوں گا،شیخ رشید

صادق سنجرانی چیئرمین سینیٹ رہ سکتے ہیں کیونکہ خفیہ ووٹوں میں کچھ بھی نتیجہ نکل سکتا ہے،میڈیا سے گفتگو

پیر 15 جولائی 2019 21:38

جس دن ضمیر پربوجھ ہوا، خود ہی استعفیٰ دے دوں گا،شیخ رشید
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جولائی2019ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جس دن ضمیر پربوجھ ہوا، کسی کو کہنے کی ضرورت نہیں پڑے گی خود ہی استعفیٰ دے دوں گا‘ بچوں کو حادثات سے بچانے کے لیے اسکول بند کیے جاتے‘19جولائی کو اگلی ٹرین چلانے کے بعد پرانی ٹرینیں بحال کریں گے ، اگلے 90 دنوں میں سیاسی اونٹ کی کروٹ کا فیصلہ ہوجائے گا ، صادق سنجرانی چیئرمین سینیٹ رہ سکتے ہیں کیونکہ خفیہ ووٹوں میں کچھ بھی نتیجہ نکل سکتا ہے۔

پیر کے روز میڈیا سے گفتگوکر تے ہو ئے انہو ں نے کہا کہ ریل گاڑیوں کے حادثات کا میں ذمہ دار ہوں ریلوے ٹریک 1861میں پڑے ہیں جن پر ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا گیا ہے سگنل کے نظام پر لاگت آٹھ ارب سے بڑھ کر 32ارب روپے تک پہنچ گئی ہے لیکن یہ منصوبہ مکمل نہیں ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا مسلم لیگ ن کی عدلیہ پر حملوں کی ایک تاریخ ہے، ابھی بھی ان کے یہ لوگ گواہی دینے کے لیے سامنے نہیں آئیں گے۔

نواز شریف کی لڑائی اصولوں کے لیے نہیں بلکہ لندن جانے کے لیے ہے۔ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ1985کی اسمبلی غیر جماعتی تھی لیکن اس کی کارکردگی سب سے اچھی تھی،سب تیاری کر کے آتے تھے۔شیخ رشید کا وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکہ کے حوالے سے کہنا تھاعمران خان اور ڈونلڈ ٹرمپ دونوں ہم مزاج ہیں، سیدھی سیدھی بات کرتے ہیں، افغانستان سے فوج کا نکلنا ڈونلڈ ٹرمپ کے اگلے الیکشن کے لیے بہت اہم ہے۔ انہو ں نے مزید کہا کہ نوازشریف، شہبازشریف، حمزہ شہباز، احسن اقبال، خواجہ آصف اور شاہد خاقان عباسی کے کیسز کا فیصلہ ہونا ہے جو بہت جلد ہو جا ئے گا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات