اسلاف نے کشمیر کی آزادی کے لیے گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں‘شاہ غلام قادر

اسلاف نے ریاست جموں و کشمیر کی آزادی اور پوری ریاست کا پاکستان کے ساتھ الحاق کا فیصلہ 19جولائی1947ء کو کیا تھا

جمعرات 18 جولائی 2019 12:28

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2019ء) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر شاہ غلام قادر نے یوم الحاق پاکستان کے حوالے سے کہا ہے کہ اسلاف نے کشمیر کی آزادی کے لیے گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں۔ قائد کشمیر چوہدری غلام عباس نے الحاق پاکستان کا تاریخی فیصلہ اُس وقت کیا جبکہ پاکستان کا قیام ابھی نہیں ہوا تھا۔

(جاری ہے)

اس تاریخی فیصلہ کے تناظر میں اسلاف نے ریاست جموں و کشمیر کی آزادی اور پوری ریاست کا پاکستان کے ساتھ جو الحاق کا فیصلہ 19جولائی1947ء کو کیا تھا آج بھی ریاست جموں و کشمیر کے عوام الحاق پاکستان کے نظریے کے داعی ہیں اور اُن کا بھرپور مطالبہ اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں سے ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی تسلیم شُدہ قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دلانے کے لیے مقبوضہ کشمیر میں رائے شماری کروائیں تاکہ کشمیری عوام اپنی اُمنگوں و سوچوں کے مطابق حق آزادی حاصل کر سکیں۔

سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی نے شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ریاست جموں و کشمیر کے عوام کو یقین دلایا کہ کسی مرحلے پر بھی حق خودارادیت کے حق سے ریاست جموں و کشمیر کے عوام کو محروم نہیں رکھا جا سکتا۔ جلد آزادی کا سورج طلوع ہو گا اور تکمیل پاکستان کا ادھورا خواب پورا ہو سکے گا۔