Live Updates

وزیراعظم عمران خان سے ممکنہ این آر او، بلاول بھٹو امریکہ پہنچ گئے

بلاول بھٹو زرداری فائیو سٹار ہوٹل میں قیام کریں گے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 18 جولائی 2019 15:28

وزیراعظم عمران خان سے ممکنہ این آر او، بلاول بھٹو امریکہ پہنچ گئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 جولائی 2019ء) : وزیراعظم عمران خان سے ممکنہ این آر او کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری پہلے ہی امریکہ روانہ ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول زرداری امریکہ پہنچ گئے جہاں وہ فائیو سٹار ہوٹل میں قیام کریں گے ۔ عمران خان کے امریکہ کے دورہ سے قبل بلاول امریکہ میں این آر او کی کوشش کے لیے ملاقاتیں کریں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ بلاول زرداری گذشتہ روز نیو یارک پہنچے ، جہاں وہ نیویار ک کے فورسیزن ہوٹل میں قیام کریں گے۔ بلاول زرداری فلائٹ EK203 کی فرسٹ کلاس میں نیو یارک پہنچے ۔ ذرائع نے بتایا کہ بلاول زرداری وزیراعظم عمران خان کے دورہ سے قبل امریکہ اس لئے گئے تا کہ اپنے والد اور سابق صدر آصف زرداری کو جیل سے نکلوائیں۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری امریکہ میں این آر او کے لیے کوشش کریں گے۔

اس ضمن میں حسین حقانی نے بلاول کی امریکیوں سے ملاقاتیں طے کر رکھی ہیں۔ بلاول زرداری ممکنہ این آر او کی کوشش کریں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کے امریکہ جانے کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ و ہ چاہتے ہیں کہ امریکہ میں کسی تھرڈ پارٹی کے ذریعے عمران خان سے این آر او لینے کی کوشش کی جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ این آر او کے حوالے سے امریکہ میں مقیم پیپلز پارٹی کے کارکنان میں باز گشت سنائی دی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین اور سابق صدر آصف زرداری کو نیب نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار کر رکھا ہے۔ سابق صدر آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور بھی نیب کی حراست میں ہیں۔ دونوں پی پی پی رہنما نیب کے پاس جسمانی ریمانڈ پر ہیں۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ وزیراعظم عمران خان کئی مرتبہ کسی کو بھی این آر او دینے سے صاف انکار کر چکے ہیں ، اُن کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی کسی صورت این آر او نہیں دیا جائے گا تاہم اب دیکھنا یہ ہےکہ بلاول بھٹو زرداری کی امریکہ یاترا کس حد تک انہیں این آر او دلوانے میں کامیاب ہوتی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات