مریم نواز کی گرفتاری کے بعد پارلیمنٹ کے باہر حکومتی اور حزب اختلاف کے اراکین کا آپس میں جھگڑا

حکومتی اراکین اور حزب اختلاف ایک دوسرے گتھم گتھا ہوگئے اور سخت جملوں کا تبادلہ پارلیمان کے اندرنازیبا الفاظ استعمال کیے گئے، حزب اختلاف غیر پارلیمانی اور غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیے ہوئے ہے، مراد سعید

جمعرات 8 اگست 2019 19:08

مریم نواز کی گرفتاری کے بعد پارلیمنٹ کے باہر حکومتی اور حزب اختلاف ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2019ء) مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز کی گرفتاری کے بعد پارلیمنٹ کے باہر حکومتی اور حزب اختلاف کے اراکین کا آپس میں جھگڑا ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مراد سعید پریس کانفرنس کرنا چاہ رہے تھے تاہم حزب اختلاف کے اراکین نے ان کا راستہ روک لیا۔اس موقع پر حکومتی اراکین اور حزب اختلاف ایک دوسرے گتھم گتھا ہوگئے اور سخت جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔

(جاری ہے)

بعدازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مراد سعید کا کہنا تھا کہ حزب اختلاف کے رویے کی ملکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ پارلیمان کے اندرنازیبا الفاظ استعمال کیے گئے، حزب اختلاف غیر پارلیمانی اور غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیے ہوئے ہے جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری کی قومی اسمبلی میں تقریر کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ کیس اور والدہ کے قتل پر غیرت دکھانی چاہیے تھی۔مراد سعید نے کہا کہ سندھ میں سب سے زیادہ غربت ہے آپ کی غیرت کہاں گئی کراچی میں صفائی ہورہی تھی آپ کی غیرت کہاں گئی انہوں نے کہا کہ آپ میں بات سننے کی ہمت نہیں کیوں کہ آپ کی سیاسی تربیت نہیں ہوئی۔