مقبوضہ کشمیر، دفعہ 370کی منسوخی کی مذمو م بھارتی کارروائی کیخلاف زبردست مظاہرے

ہفتہ 17 اگست 2019 11:37

مقبوضہ کشمیر، دفعہ 370کی منسوخی کی مذمو م بھارتی کارروائی کیخلاف زبردست ..
سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2019ء) مقبوضہ کشمیر میں سرینگر اور دیگر علاقوں میں لوگوں نے کرفیواور دیگر پابندیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے سڑکوں پر نکل کر جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت کو تبدیل اور متنازعہ علاقے کو ٹکڑوں میں تقسیم کرنے کی مذموم بھارتی کارروائی کے خلاف زبردست مظاہرے کیے۔ کشمیر میڈیاس سروس کے مطابق سرینگر اور دیگر علاقوں میں گزشہ روز نماز جمعہ کے فوراً بعد مظاہرے زبردست پھوٹ پڑے۔

مظاہرین نے بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں زبردست نعرے لگائے ۔ انہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڑز اٹھا رکھے تھے جن پر ’’ گو انڈیا گو بیک‘‘، ’’ہم کیا چاہتے آزادی ‘‘،’’کشمیریوں کی نسل کشی بند کرو‘‘، ’’ دنیا جاگ جائو‘‘ جیسے نعرے درج تھے۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے بھارتی کارروائی کے خلاف غم وغصے کے اظہار کے طور پر کالے جھنڈے بھی اٹھا رکھے تھے ۔

بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پیلٹ چلائے اور آنسو گیس کے گولے داغے جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ مظاہرین نے قابض بھارتی فورسز کی طرف پتھر پھینکے جس کے جواب میں قابض اہلکاروں پیلٹ اور گولیاں چلائیں جبکہ مظاہرین نے اپنے بچائو کیلئے دکانوں کے اشتہاری بورڑ اور ٹین کی چادریں استعمال کیں۔

سرینگر میں مظاہرے میں شامل ایک شخص نے ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے کے نمائندے کو بتایا کہ وہ قابض بھارتی فورسز اہلکاروں کا محاصرے توڑ کر شہر کے مرکز لالچوک کی طرف مارچ کرنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جو کچھ ہمارا ہے ہم اسکا حصول چاہتے ہیں اور کشمیری بھارت سے بھیک نہیں مانگ رہے بلکہ یہ چاہتے ہیں کہ اس نے کشمیریوں کے ساتھ جو وعدے کیے ہیں وہ انہیں پورا کرے۔ ایک اور شخص نے کہا کہ وہ اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک وہ بھارت سے مکمل آزادی حاصل نہیں کر لیتے۔