Live Updates

یونائیٹڈ بزنس گروپ کے مرکزی چیئرمین افتخار علی ملک کا جنرل قمر جاوید باجوہ کو تین سال کی ایک اور مدت کے لئے آرمی چیف مقرر کرنے کا خیرمقدم

منگل 20 اگست 2019 12:12

یونائیٹڈ بزنس گروپ کے مرکزی چیئرمین افتخار علی ملک کا جنرل قمر جاوید ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2019ء) یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے مرکزی چیئرمین افتخار علی ملک نے جنرل قمر جاوید باجوہ کو تین سال کی ایک اور مدت کے لئے آرمی چیف مقرر کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنرل باجوہ نے پاک فوج کے عزم اور حوصلے کو انتہائی بلند کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ کو کامیابی سے ہمکنار کیا اور بیرونی دبائو، خاص طور پر مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 370 اور 35 اے کے خاتمے کے بعد بھارتی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

منگل کو یہاں جاری ایک بیان میں افتخار علی ملک نے کہا کہ ملکی تاریخ کے اس اہم موڑ پر، جب مقبوضہ کشمیر میں سنگین بحران درپیش ہے، پاک فوج کیلئے جنرل قمر جاوید باجوہ کی قیادت انتہائی اہم ہے اور پوری قوم کو اطمینان ہے کہ ہماری مسلح افواج کی قیادت مضبوط ہاتھوں میں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ غیر معمولی صورتحال میں غیر معمولی فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔

افتخار ملک نے ملک میں امن کی بحالی پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرنا چاہئے، اس سلسلے میں ہماری مسلح افواج کا کردار انتہائی قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ملک امن و استحکام کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا اور ہماری فوج نے امن و امان کے قیام میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کو خوشحال اور باوقار ملک بنانے کے لئے تمام اہم شعبوں میں معنی خیز اصلاحات کا آغاز کیا ہے جس سے عوام کے دل و دماغ جیتنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ معاشی نمو کو تیز کرنے کے لئے حکومت اندرونی تجارت کو فروغ دینے کیلئے ٹھوس پالیسیاں بنائے کیونکہ اس کا جی ڈی پی میں حصہ 32 فیصد جبکہ روزگار کی فراہمی میں حصہ 20 فیصد ہے۔افتخار علی ملک نے حکومت کو کاروبار دوست پالیسیوں کو عملی شکل دینے میں ہر ممکن مدد کی بھی یقین دہانی کرائی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات