قائد اعظمؒ نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا، ہم کشمیری عوام کی جدوجہد کے بارآور ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، بلاول بھٹو زر داری

بدھ 11 ستمبر 2019 23:36

قائد اعظمؒ نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا، ہم کشمیری عوام ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2019ء) پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قائداعظم محمد علی جناح کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ قائد اعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا، ہم کشمیری عوام کی جدوجہد کے بارآور ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ پی پی پی چیئرمین نے بابائے قوم کو ان کی 71 ویں برسی پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوںنے کہاکہ قائداعظم عظیم رہنما تھے، جو صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں اور زمانے انہیں یاد رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج ہم قائداعظم کے فکر، ویڑن اور سیاسی جدوجہد کی بدولت آزادی کی نعمت سے بہرمند ہیں۔انہوںنے کہاکہ ہمارا عزم ہے، ہم بابائے قوم کے نظریات کی روشنی میں جمہوریت، دستور اور عوامی حقوق کی حفاظت کرتے رہیں گے۔ انہوںنے کہاکہ ہم ملک کو مساوات، ترقی پسند اور جمہوری ملک بنانے کی جدوجہد کو جاری رکھ کر قائداعظم کو خراج عقیدت پیش کرتے رہیں گے۔ انہوںنے کہاکہ قائد اعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا، ہم کشمیری عوام کی جدوجہد کے بارآور ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔