Live Updates

این ایف سی ایوارڈ نچلی سطح پر منتقل نہیں ہونگے تو کراچی سمیت اکستان کے کسی بھی علاقے کے مسائل حل نہیں ہوں گے، مصطفی کمال

اٹھارویں ترمیم میں مزید ترمیم کرنے کی ضرورت ہے جس کے تحت صوبائی حکومتوں کو پابند کیا جائے کہ وہ وسائل اور اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنے کے پابند ہیں

جمعہ 13 ستمبر 2019 23:39

این ایف سی ایوارڈ نچلی سطح پر منتقل نہیں ہونگے تو کراچی سمیت اکستان ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2019ء) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا کہ جب تک وفاق سے صوبوں کو ملنے والے این ایف سی ایوارڈ نچلی سطح پر پروونشیل فائنانس کمیشن کی صورت میں منتقل نہیں ہونگے اسوقت تک کراچی سمیت پاکستان کے کسی بھی علاقے کے نا تو مسائل حل ہونگے اور نا ہی کوئی بھلا ہوگا لہذا اٹھارویں ترمیم میں مزید ترمیم کرنے کی ضرورت ہے جس کے تحت صوبائی حکومتوں کو پابند کیا جائے کہ وہ وسائل اور اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنے کے پابند ہیں. آئین کی شق 149 کے مجوزہ نفاذ سے کراچی کے مسائل کا حل نہیں ہونگے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاس میں سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اور نیشنل کونسل کے زمہ دران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں کراچی کے مسائل حل ہوتے نظر نہیں آرہے کیونکہ مسئلہ تو آج ہے، کچرا آج نہیں اٹھ رہا، پینے کا پانی آج نہیں ہے، بیماریاں آج پھیل رہی ہیں، انہیں آج حل ہونا ہے لیکن وفاقی حکومت جو راستہ اختیار کر رہی ہے وہ کافی طویل اور جانبدار ہے پہلی بات یہ کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت مانے گی نہیں جسکی وجہ سے وفاقی حکومت کو سپریم کورٹ جانا پڑے گا اور دوسری بات یہ کہ سندھ کے دوسرے شہروں بشمول لاڑکانہ، نوابشاہ سکھر میں کونسی دودھ کی نہریں بہ رہی ہیں، وہ بھی تباہ حال ہیں، وزیر قانون کی مجوزہ تجویز سے پیپلز پارٹی کو سندھ کارڈ کھیلنے کا موقع مل رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر قانون کو چاہیے کہ وہ وزیراعظم عمران خان کو کراچی لے کر آئیں اور وزیر اعلی سندھ کیساتھ بٹھا دیں م، مسائل حل ہوجائیں گے، اب اگر وزیر اعلی وزیر اعظم کے ساتھ نہیں بیٹھیں گے تو سندھ حکومت خود ایکسپوز ہو جائیں گی. وزیراعظم پاکستان عمران جب مودی سے بات کرنے کے لیے تیار ہیں تو وزیر اعلی سندھ سے بات کیوں نہیں کر سکتے۔ وفاقی حکومت کوشش کیے بغیر آرٹیکل 149 کی بات کرے گی تو مزید وقت ضائع ہوگا اور کراچی والوں کے مسائل میں مزید اضافہ اور پیچیدگیاں پیدا ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کراچی کی اونر شپ لے اور اپنی انا و رنجشیں چھوڑ کر سندھ حکومت کے ساتھ بلا مشروط مسائل کو حل کرنے کا عندیہ دے۔ تب جاکر تمام مسائل کا حل موجود ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات