وفاق سندھ میں مداخلت نہیں کرے گا: میاں اسلم اقبال نے یقین دہانی کروادی

وفاق سندھ کی صوبائی خود مختاری میں مداخلت نہیں کرے گا، اگر آرٹیکل 149 کا نفاذ کیا گیا تو بہت سوچ سمجھ کرکیا جائے گا: صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ پیر 16 ستمبر 2019 22:12

وفاق سندھ میں مداخلت نہیں کرے گا: میاں اسلم اقبال نے یقین دہانی کروادی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 16 ستمبر2019ء) صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب میاں اسلم اقبال نے یقین دہانی کروائی ہے کہ وفاق سندھ میں مداخلت نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا ہے کہ وفاق سندھ کی صوبائی خود مختاری میں مداخلت نہیں کرے گا، اگر آرٹیکل 149 کا نفاذ کیا گیا تو بہت سوچ سمجھ کرکیا جائے گا۔ میاں اسلم اقبال نے نجی ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے جب پنجاب میں گورنر راج لگایا تھا توکیا سوچ سمجھ کر لگایا تھا؟ اس کی وضاحت کردینی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ وفاق سندھ کی صوبائی خود مختاری میں مداخلت نہیں کرے گا اور آرٹیکل 149 کا نفاذ بھی سوچ سمجھ کرکیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف اصلاحاتی ایجنڈا لے کر آئی ہے جس کے تحت ہم نے ملک میں کرپشن کے معاملات اور جو کرپشن ہوچکی ہے اس کودیکھنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی تاریخ میں دس ارب ڈالر کا قرضہ پہلی بار ایک سال میں واپس کیا گیا ہے جبکہ اس سے قبل ایسا کبھی نہیں ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری لاہور اور فیصل آباد میں آئی ہے۔ یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے سیوریج و کچرے کے مسائل پر کراچی میں براہ راست مداخلت کا عندیہ دیا تھا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا تھا کہ وہ کراچی میں تمام ترقیاتی کام وفاقی ادارے اپنی نگرانی میں کروائے گی۔ کہا جا رہا تھا کہ وفاقی حکومت نے کراچی میں صوبائی اور بلدیاتی حکومتوں کو شامل کیے بغیر اپنی نگرانی میں اور وفاقی اداروں کے ماتحت منصوبوں کا آغاز اور فنڈز کے اجرا پر غور شروع کردیا ہے۔

اس پر پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے شدید ردِعمل سامنے آیا تھا یہاں تک کہ اسے کراچی کو سندھ سے الگ کرنے کی سازش قرار دے دیا گیا تھا۔ اب میاں اسلم اقبال نے یقین دہانی کروائی ہے کہ وفاق سندھ میں مداخلت نہیں کرے گا۔