Live Updates

پاکستانی وفد کا دورہ متحدہ عرب امارت،پاکستانی بزنس کونسل اور اوور سیز پاکستانیوں سے ملاقات کی

اوور سیز پاکستانیز ملک کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں‘چوہدری وسیم اختر، سید جاوید اقبال

بدھ 18 ستمبر 2019 23:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2019ء) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سردار شمیم خان، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، وائس چیئرپرسن او پی سی چوہدری وسیم اختر، کمشنر او پی سی سید جاوید اقبال بخاری پر مشتمل وفد نے متحدہ عرب امارات کا کامیاب دورہ کیا اور وہاں اوورسیز پاکستانیوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل دریافت کیے۔ وفد میں جسٹس مسعود جہانگیراور جسٹس جواد حسن بھی شامل تھے۔

وفد نے پاکستانی بزنس کونسل کے نمائندہ سے وفد نے ملاقات کی اور ملک کی ترقی اور خوشحالی میں ان کے کردار کو سراہا ،وفد نے اپنے تین روزہ دورہ کے دوران مصروف ترین دن گزارے اور مختلف تقاریب میں شرکت کی۔ وفد کو متحدہ امارات میں پاکستانی سفیر غلام دستگیر نے ابو ظہبی میں وفد کے اعزاز میں استقبالیہ کا اہتمام کیا جس میں انہوں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات اور مختلف شعبوں میں خدمات سرانجام دینے والے پاکستانیوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح کونسل جنرل دبئی احمد امجد نے بھی وفد کے اعزاز میں بھی استقبالیہ کا اہتمام کیا۔ جس میں بڑی تعداد میں اوور سیز پاکستانیوں نے شرکت کی۔وفد کے ارکان نے ان تقریبات میں اظہار خیال کرتے ہوکہا کہ بیرون ملک بسنے والے پاکستانی حقیقی معنوں میں پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اوریہی وجہ ہے کہ وہ نہ صرف بیرون ملک قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیںبلکہ پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کیلئے بھی حقیقی سفیر کا کردار ادا کر رہے ہیں ۔

حکومت پنجاب نے اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے وہ اقدامات کئے ہیں جن کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ وائس چیئرپرسن او پی سی چوہدری وسیم اختر اور کمشنر او پی سی سید جاوید اقبال بخاری نے کمیشن کی کارکردگی سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اوور سیزپاکستانیوں کے مسائل کے حل کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیںاور اس ضمن میں نہ صرف جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جا رہا ہے بلکہ شکایات کے ازالے کا جائزہ لینے کیلئے باقاعدگی سے اجلاس بھی منعقد کئے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دروازے اوور سیز پاکستانیوں کیلئے ہر وقت کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سردار شمیم احمد خان اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے جس طرح دلچسپی لی ہے اس کی جس قدر بھی تعریف کی جائے کم ہے ۔چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سردار شمیم احمد خان نے اس ضمن میں تین سپیشل بینچ تشکیل دیے ہیں جو کہ اوور سیز پاکستانیوں کے مختلف نوعیت کے کیسزسن کر جلد حل کریں گے۔

انہوں نے تمام ججز کو ہدایت کی ہے کہ اوور سیز پاکستانیوں کے کیسز کو تین ماہ کے اندرحل کیا جائے۔ اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گوجرانوالہ ہمایوں امتیاز کو فوکل پرسن نامزد کیا ہے کہ وہ او پی سی کے نمائندوںسے رابطہ رکھ کران کے مسائل کے جلد حل کو یقینی بنائیں گے۔ اوور سیز پاکستانیوں کے نمائندوں نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کے ترقی اور خوشحالی کے لئے ہم اپنا کردار ادا کرتے رہے گے اور آج دنیا بھر میں بسنے واے پاکستانی کشمیر کے مسئلے پر وزیراعظم پاکستان عمران خان اور پوری قوم کے ساتھ کھڑے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات