کشمیر یوں کے جدوجہد کے سامنے بھارت کو جھکنا پڑے گا،مولاناعبدالکبیر شاکر

ہفتہ 21 ستمبر 2019 23:37

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 ستمبر2019ء) نائب امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولاناعبدالکبیر شاکرنے کہا کہ کشمیر یوں کے جدوجہد کے سامنے بھارت کو جھکنا پڑے گا۔کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور بہت جلد آزادی کی صبح طلوع ہوگی۔کشمیریوں کی پرامن احتجاج کی طاقت کی چوٹ کو بھارت برداشت نہ کرسکاتو نریندر مودی نے غاصبانہ فوجی قبضہ کے بعد مقبوضہ کشمیر کو ہندوستان میں شامل کرنے کا مکروہ اقدام کیالیکن کشمیر ہندوستان میں شامل نہیں ہوا۔

بلکہ مودی کا اقدام خود ہندوستان کیلئے بھاری ثابت ہوا ہے ۔بلوچستان کے مظلوم عوام کشمیری عوام کیساتھ ہے ۔کشمیرکی آزادی وقت کی اہم ضرورت ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیٹلائٹ ٹائون کوئٹہ میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ کشمیر دینی ،نظریاتی ،اقتصادی اور معاشی ہر لحاظ سے پاکستان کا جزو ہے ۔

(جاری ہے)

سیاسی اعتبار سے بھی خطہ میں کشمیریوں کوحق خود ارادیت دینا ناگزیر ہے ۔

48دن کے کرفیو نے کشمیر یوں کو عقوبت خانہ میں محصور کردیا ہے ۔جموں و کشمیر سیاسی ،فوجی اور اقتصادی حیثیت سے پاکستان کی شہ رگ ہے ۔انہوںنے کہا کہ عوام یکجہتی کشمیر کیلئے متحد ہیں اور مطالبہ کررہے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کے خاتمہ اور بنیادی انسانی حقوق کی بحالی کیلئے بھارت کو الٹی میٹم دیا جائے ۔بھارت کیلئے فضائی حدود صرف ایک بار نہیں بلکہ مسئلہ کشمیر کے حل تک مستقل بند کردی جائے ۔

جموں و کشمیر میں بھارتی دہشت گردی اور بھارتی جنگی جرائم پر ہندوستان کو دہشت گرد ملک قرار دینے کیلئے عالمی دبائو بڑھایا جائے ۔کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے جس میں بھارت نے زبردستی فوج اتاردی ہے اب حکومت پاکستان تذبذب اور بزدلی چھوڑے اور وہی اقدام کرے جو جموں و کشمیر کے مظلوموں کی مدد کیلئے ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی قومی و بین الاقوامی اداروں پر اخلاقی دبائو بڑھانے کیلئے ملک گیر جدوجہد جاری رکھے گے۔