ادارہ تحقیقات اسلامی، اسلامی یونیورسٹی کی لائبریری میں عوام کو ممبر شپ دینے کا آغاز کر دیا گیا

جمعرات 3 اکتوبر 2019 18:36

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2019ء) ادارہ تحقیقات اسلامی، عالمی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کی لائبریری میں عام افراد کو بھی ممبر شپ دینے کا آغاز کر دیا گیا۔ لائبریری میں مختلف موضوعات پر پونے 2 لاکھ سے زائد کتب موجود ہیںجن سے اب عام لوگ بھی آسانی سے استفادہ کر سکیں گے۔ پرنسپل لائبریرین (چیف لائبریرین) ڈاکٹر محمد ساجد مرزا نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ معروف مذہبی سکالر ڈاکٹر محمد حمید الله کے نام سے موسوم لائبریری میں سیرت البنیؐ کے بارے میں ایک باقاعدہ سٹڈی سنٹر بنایا گیا ہے جبکہ قرآن کریم، ادیان اور تقابل ادیان، اسلامی اور دیگر قوانین، اسلامی شریعت، تاریخ پاکستان سمیت مختلف موضوعات پر بہت اعلیٰ درجے کی ایک لاکھ 80 ہزار کتب ڈاکٹر حمید الله لائبریری اسلامی یونیورسٹی فیصل مسجد کیمپس میں موجود ہیں جن سے لوگوں کے استفادہ کیلئے بیرونی افراد کو ممبر شپ دینے کا آغاز کیا گیا ہے، اس سے پہلے یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلباء ہی بہتر انداز میں اس لائبریری سے استفادہ کر سکتے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر ممبر شپ کیلئے دو طریقہ کار متعارف کرائے گئے ہیں، ایک سال کی بیرونی افراد کی ممبر شپ فیس ایک ہزار روپے ہو گی جبکہ 5 ہزار روپے قابل واپسی سکیورٹی فیس بھی جمع کرانا ہو گی، جو سکالرز، طلباء اور دیگر افراد مختصر مدت کیلئے لائبریری میں موجود تاریخی و اہم کتب سے استفادہ اور اپنا ریسرچ ورک مکمل کرنا چاہتے ہیں ان کو ایک ماہ کیلئے ممبر شپ دی جائے گی، اس کیلئے ان سے کوئی فیس، سکیورٹی نہیں لی جائے گی، البتہ انہیں متعلقہ حکام کو ایک فارم مکمل کرکے دینا ہو گا جو انہیں لائبریری سے ہی مل سکتا ہے۔

ڈاکٹر محمد ساجد مرزا نے بتایا کہ اس سے پہلے جو یونیورسٹی کے باہر کے افراد و طلباء لائبریری کی کتب سے استفادہ کر رہے تھے ان کا ہمارے پاس ریکارڈ نہیں تھا اب ریکارڈ بھی رکھا جائے گا اور عام لوگوں کی آسانی کیلئے مزید کچھ تجاویز پر بھی غور ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرد اور گرم موسم کے حوالہ سے لائبریری کے اندر کا ماحول پورا سال پرسکون آرام دہ ہوتا ہے اور مطالعہ کیلئے بہت اچھا ماحول قارئین کو فراہم کیا جاتا ہے۔

اس کے علاوہ ممبر شپ حاصل کرنے والے حضرات لائبریری کے اندر وائی فائی سے بھی استفادہ کر سکیں گے جبکہ فوٹو سٹیٹ کی سہولت بھی میسر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لائبریری میں تاریخی حوالہ جاتی کتب کا وسیع ذخیرہ ہے، ڈیجیٹل لائبریری پاکستان میں موجود چند ایسی ڈیجیٹل لائبریریوں میں سے ایک ہے جس پر ریسرچ آرٹیکل بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان بیرونی ممبرز کو ساتھ لے جانے کیلئے کتب جاری کرنا فی الحال ممکن نہیں البتہ لائبریری کے پرسکون ماحول میں وہ صبح 9 بجے سے رات 8 بجے تک کتب سے استفادہ کر سکتے ہیں۔