دوماہ کے کریک ڈائون کے بعد بھارت نے سیاحوں کو کشمیر جانے کی اجازت دیدی

سفری پابندیاں سکیورٹی اداروں کے ساتھ مشاورت کے بعد ختم کی جا رہی ہیں،گورنر مقبوضہ کشمیر

منگل 8 اکتوبر 2019 13:04

دوماہ کے کریک ڈائون کے بعد بھارت نے سیاحوں کو کشمیر جانے کی اجازت دیدی
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2019ء) تقریبا دو ماہ کے سکیورٹی کریک ڈائون کے بعد بھارتی حکام نے کہا ہے کہ سیاحوں کومقبوضہ کشمیر میں جانے کی اجازت دے دی جائے گی تاہم اب بھی وہاں زیادہ تر علاقوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل ہے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق کشمیر میں سیاحوں کے لیے سفری پابندیاں ختم کرنے کا اعلان جموں و کشمیر حکومت کی جانب سے کیا گیا تاہم زیادہ تر حصوں میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس اب بھی معطل ہے اور لوگوں کو ایک دوسرے سے رابطے کرنے میں شدید دشواریوں کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

جموں و کشمیر کی نیشنل کانفرنس پارٹی کے کچھ اراکین کو بھی اپنی سینئر قیادت سے ملاقات کی اجازت دے دی گئی ہے۔ کشمیر کی زیادہ تر سیاسی قیادت کو کریک ڈائون کے آغاز میں ہی گرفتار کر لیا گیا تھا۔ بھارتی سکیورٹی فورسز اگست کے بعد سے ہزاروں کشمیریوں کو گرفتار کر چکی ہیں اور گرفتار شدہ نوجوانوں کو ملک کی دور دراز جیلوں میں رکھا جا رہا ہے۔مقبوضہ کشمیرکے گورنر ستیاپال ملک کا کہنا تھا کہ سفری پابندیاں سکیورٹی اداروں کے ساتھ مشاورت کے بعد ختم کی جا رہی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ خطے میں کرفیو بتدریج ختم کیا جا رہا ہے اور مختلف علاقوں میں عائد پابندیاں آہستہ آہستہ اٹھائی جائیں گی۔