آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے قانون ساز اسمبلی کی نشست ایل ای3 میرپور پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا

جمعرات 10 اکتوبر 2019 00:05

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2019ء) آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے سابق وزیر حکومت چوہدری محمد سعید کی نااہلی کے بعد میرپور سے خالی ہونے والی آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کی نشست ایل ای3 میرپور پر ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری کر دیا ہے ۔ایل اے تین میرپور تین میں ضمنی انتخاب 24نومبر 2019کوہوگا ۔ آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق حلقہ ایل اے 3میرپور3کیلئے کاغذات نامزدگی مورخہ21اکتوبر کو شام پانچ بجے تک جمع کروائے جا سکیں گے ۔

مورخہ22اکتوبر کو صبح نو بجے سے دن اڑھائی بجے تک امیدواران کی جانب سے جمع کروائے گئے کاغذات کی سکروٹنی اورموذوں امیدواران کی لسٹ جار ی کی جائے گی۔ امیدواران اس سلسلہ میں ممبر الیکشن کمیشن کے پاس اپیلیں مورخہ26اکتوبر کو دن ساڑھے 12 بجے سے قبل بمقام ہائوس نمبر1باالمقابل آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی نیو سیکرٹریٹ چھتر مظفرآباد میں دائر کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اپیلوں پر سماعت 28اکتوبر کو صبح نو بجے سے دن اڑھائی بجے تک ہوگی۔ اپیلوں پر فیصلے کی آخری تاریخ 29اکتوبر مقرر کی گئی ہے ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق امیدواران 30اکتوبر دن اڑھائی بجے سے قبل اپنے کاغذات واپس لے سکیںجس کے بعد امیدوران کی لسٹ جاری کی جائے گی۔ مورخہ31اکتوبر کو امیدواران کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے اور امیدواران کی انتخابی نشان کے ہمراہ انتخاب میں حصہ لینے والے امیدوران کی حتمی لسٹ جاری کی جائے گی۔ مورخہ 24نومبر 2019کو حلقہ ایل اے تین میرپور تین میں صبح 8بجے سے شام5تک پولنگ ہوگی۔