کشمیری اسلام اور پاکستان سے محبت میں اپنا سب کچھ قربان کررہے ہیں

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا یکجہتی کشمیر کانفرنس سے خطاب

جمعرات 10 اکتوبر 2019 17:29

کشمیری اسلام اور پاکستان سے محبت میں اپنا سب کچھ قربان کررہے ہیں
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2019ء) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کشمیری اسلام اور پاکستان سے محبت میں اپنا سب کچھ قربان کررہے ہیں،کشمیر کی موجودہ صورتحال پر حکومتی سرپرستی میں آل پارٹیز کانفرنس بلانی چاہیے، ملک اس وقت مشکل صورتحال سے گزررہا ہے ہم سب کو ملکر اسے درست سمت پر گامزن کرنا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ملی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام ''یکجہتی کشمیر کانفرنس''سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس کی صدرات ڈاکٹر ابوالخیر زبیر نے کی۔سینیٹر سراج الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ ملک کی تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کا مسئلہ کشمیر پر اتفاق ہے اور ان کی ہمدردیاں کشمیری عوام کے ساتھ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج مقبوضہ کشمیر میں مائوں بہنوں پر بھارتی مظالم عروج پر ہیں اور اس وقت ہمیں میعشت کی بہتری سے پہلے کشمیریوں کی فکر کرنی چاہیئے کیونکہ اب مسئلہ کشمیر میں کسی بھی قسم کی تاخیر کوئی بڑا سانحہ جنم لے سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ اکنامک فورم کی رپورٹ میں پاکستان کی معاشی تنزلی پر بھی ہمیں تشویش ہے۔انہوں نے کہا کہ میڈیا نے 27 ستمبر کے بعد مسئلہ کشمیر کو نظر انداز کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے کشمیر زندگی موت کا مسئلہ ہے مگرمغرب سوچے سمجھے منصوبہ کے تحت مسئلہ کشمیر کو نظر انداز کررہا ہے۔اس موقع پر ڈاکٹر ابوالخیر زبیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نریندر مودی بدترین دہشت گردی کررہا ہے وہاں ہماری مائوں بہنوں کی عزت محفوظ نہیں اور وہاں پر جوانوں کو گرفتار کرکے جیلوں میں منتقل کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں امریکی صدر ٹرمپ سے بھی کوئی زیادہ امیدیں وابستہ نہیں کرنی چاہیں وہ ایک طرف ثالثی کا کہا رہا ہے دوسری بھارتی وزیر اعظم کی ہر میدان میں مدد کررہا ہے۔اس موقع پر حریت رہمناء فیض نقشبندی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔