Live Updates

اپوزیشن خود متحد نہیں اور عوام کو بھی تقسیم کر نے کا منصوبہ بنا رہی ہے‘ چوہدری محمد سرور

اپوزیشن کے کسی ایک بھی فرد کے خلاف تحر یک انصاف کی حکومت نے مقدمہ بنایا اور نہ ہی اپوزیشن کے خلاف انتقامی کاروائی ہوگی اپوزیشن کو چاہیے وہ ذاتی اور سیاسی مفادات کی بجائے قومی اور ملکی مفادات کوتر جیح دیں‘گو ر نر پنجاب کا خطاب،میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 12 اکتوبر 2019 18:34

اپوزیشن خود متحد نہیں اور عوام کو بھی تقسیم کر نے کا منصوبہ بنا رہی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2019ء) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ اپوزیشن خود متحد نہیں اور عوام کو بھی تقسیم کر نے کا منصوبہ بنا رہی ہے،اپوزیشن کے کسی ایک بھی فرد کے خلاف تحر یک انصاف کی حکومت نے مقدمہ بنایا اور نہ ہی اپوزیشن کے خلاف انتقامی کاروائی ہوگی ،اپوزیشن کو چاہیے وہ ذاتی اور سیاسی مفادات کی بجائے قومی اور ملکی مفادات کوتر جیح دیں،حکومت کی کامیاب معاشی پالیسیوں کی وجہ سے تجاری خسارے میں 35 فیصدکمی ہوئی ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر بھی مستحکم ہوئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن خواہان اسلام کے زیر اہتما م سیمینارسے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ اپوزیشن کو عوام عام انتخابات میں مستر دکر چکے ہیں ہم سمجھتے ہیںپر امن احتجاج ہر کسی کا حق ہے لیکن جب کوئی بھی اپوزیشن جماعت احتجاج کی آڑ میں سڑکوں پر آکر ملک میں انتشار اور فساد پیدا کر نے کی کوشش کرے گی تو عوام کے جان ومال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے جس کو ہر صورت پورا کیا جائیگا اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ مسئلہ کشمیرپر اپوزیشن کو پورے ملک میں کہیں بھی بھارت کے خلاف یا کشمیر یوں کے حق میں مارچ یا ریلی کی توفیق نہیں ہوئی اب یہ لوگ اپنی سیاسی دکانداری چمکانے کیلئے احتجاج کی باتیں کررہے ہیں جو کسی بھی صورت ملک اور قوم کے مفاد میں نہیں اس لیے اپوزیشن کو چاہیے وہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کر ے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں تحر یک انصاف کی حکومت نے ملک کو معاشی سمیت دیگر بحرانوں سے نجات دلانے کیلئے عملی اقدامات کیے ہیں جسکی وجہ سے آج پاکستان میں نہ صرف لاکھوں افراد ٹیکس نیٹ میں آرہے ہیں بلکہ حکومت نے کامیاب پالیسیوں کے ذریعے تجارتی خسارے میں بھی ریکارڈ کمی کر رہی ہے۔

چوہدری محمدسرور نے اس موقعہ پر انجمن خواہان اسلام کالج میں سرور فائونڈیشن کی جانب سے فری فلٹر یشن پلانٹس لگانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ایک سال کے دوران پنجاب آب پاک اتھارٹی کے ذریعے 2کروڑ لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کر یں گے جسکے لیے باقاعدہ طور پر کام شروع بھی کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ایجوکیشن کے شعبے میں بھی بہت سے مسائل ہیں جن کے حل کیلئے تحر یک انصاف کی حکومت پورے ملک میں یکساں نصاب تعلیم سمیت دیگر اقدامات کیلئے پالیسی بنا رہی ہے اور تاریخ میں پہلی بار پنجاب کی تمام یونیورسٹیوں میں وائس چانسلر سمیت تمام تقر ریاں مکمل طور پر میرٹ اور شفاف طر یقے سے کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی بچت اور یونیورسٹیز کے اخراجات کو کم کر نے کیلئے تمام یونیورسٹیز کو سولر پر منتقل کر نے کا بھی آغاز ہو چکا ہے جبکہ بعدازں گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے انجمن خواہان اسلام کے سکولز اورکالج کے دورے کے دروان مختلف کلاسز میں طلباء سے بات چیت بھی کی اور انجمن خواہان اسلام کے بانی ملک معراج خالد کی خدمات کو سراہا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات