خالد ابراہیم کا خاندان آزادکشمیر کی سیاست میں منفرد اہمیت و خصوصیات کا حامل خاندان ہے،راجہ فاروق حیدر

امید کرتا ہوں حسن ابراہیم اپنے والد کے نقشق قدم پر چلتے ہوئے خاندان کا نام روشن کریں گے،وزیر اعظم آزاد کشمیر

اتوار 3 نومبر 2019 17:00

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 نومبر2019ء) وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ سردار خالد ابراہیم خطہ کشمیر کے نامور سیاستدان تھے۔ جن کی وفات سے آزادکشمیر کی سیاست ایک ایسے بلند کردار ،امانت، دیانت، شرافت کے پیکراور تاریخی روایات کے امین شخص سے محروم ہو گئی ہے جس کا ہمارے پاس کوئی متبادل نہیں۔

خالد ابراہیم اس قبیلے کے آخری جرنیل تھے جس نے ہماری تاریخی سیاسی اور ثقافتی روایات کو نہ صرف زندہ رکھا بلکہ آگے بڑھایا ۔

(جاری ہے)

سردار خالد ابراہیم کی برسی کے موقع پر جاری کردہ بیان میں وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ آج سردار خالد ابراہیم کی کمی شدت سے محسوس ہو رہی ہے کشمیر کے موجودہ حالات میں ان کے کردار کا خلاء محسوس کیا جارہا ہے غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کے سیاسی جانشین ہونے کے ساتھ ساتھ اس خاندان کی اعلی روایات کو بھی بطریق احسن آگے بڑھایا ۔

میرے والد صاحب اور غازی ملت کے درمیان ہمیشہ قریبی تعلقات رہے۔ خالد ابراہیم صاحب کا خاندان آزادکشمیر کی سیاست میں منفرد اہمیت و خصوصیات کا حامل خاندان ہے۔ میں امید کرتا ہوں کہ حسن ابراہیم اپنے والد کے نقشق قدم پر چلتے ہوئے خاندان کا نام روشن کریں گے۔