بھارت نواز سیاسی جماعتوں کے ارکان کو سنگین نتائج کا سامنا کرنے کا انتباہ

پیر 4 نومبر 2019 19:52

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 نومبر2019ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارت نواز سیاسی جماعتوںسے وابستہ افراد کوخبردار کیا گیا ہے کہ وہ بی جے پی اور آر ایس کی ان سازشوں سے خبردار رہیں جن کا مقصد عبوری حکومت کی تشکیل میں انہیں شامل کرنا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یہ انتباہ سرینگر اورمقبوضہ کشمیر کے دیگر قصبوں میں مشتہر کئے گئے پوسٹروں میں جاری کیاگیا ہے ۔

یہ پوسٹر نوجوانوںکے مختلف گروپوںاور حریت کارکنوںکی طرف سے جاری کئے گئے ہیں۔ پوسٹروں میں کہا گیا ہے کہ غداروں اور بی جے پی کے حامیوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا اور انہیں انتہائی سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ کشمیری عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ فسطائی جماعت بی جے پی کے ساتھ تعاون کرنے والے لوگوںکو بے نقاب کریں۔

(جاری ہے)

یہ پوسٹر مقبوضہ علاقے میں بعض سیاست دانوں کو عبوری حکومت میں شامل ہونے کی بی جے پی کی پیش کش کے بعد سامنے آئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق بہت سارے سیاستدانوں نے اس پیش کش کو قبول کرنے سے صاف انکار کردیا ہے جبکہ بعض موقع پرست سیاست دانوں نے اس پیش کش پر غور کرنے کاکہا ہے۔ پوسٹروںکے ذریعے سیاست دانوں کو متنبہ کیا گیاہے کہ وہ کھلے عام ، خفیہ طورپر یا کسی بھی طریقے سے بی جے پی کے ساتھ تعاون نہ کریں ورنہ انہیں کشمیری عوام اور کشمیر کاز سے غداری کا مرتکب سمجھا جائے گا ۔