Live Updates

وزیراعلیٰ آفس کی جامعہ مسجد میں عید میلادالنبی ؐ پر روح پرور محفل، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی شرکت

اسوہ حسنہ ؐکے تحت زندگیاں بسر کرنے میں ہی ہماری بقاء ہے، مسائل کے حل کیلئے ریاست مدینہ کے زریں اصولوں پر چلنا ہوگا عوام کو ریلیف دینے کیلئے بڑا اقدام،کاشتکار کھیت سے اجناس لا کر براہ راست ماڈل بازاروں میں فروخت کرینگے‘عثمان بزدار راجن پوراورڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقوں میں فروغ تعلیم کیلئے مثبت اقدام، طلبا ء و طالبات کیلئے دانش سکولوں میں کوٹہ مختص کرتار پور راہداری امن، ترقی اور محبت کا راستہ ہے،فاصلے سمٹیں گے،سکھ برادری کوباباگرونانک کی550ویں جنم دن پر مبارکباد راجن پور و ڈیرہ غازیخان میں جرائم پیشہ عناصر کیخلاف آپریشن کے دوران پولیس اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس

پیر 11 نومبر 2019 20:37

وزیراعلیٰ آفس کی جامعہ مسجد میں عید میلادالنبی ؐ پر روح پرور محفل، ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2019ء) وزیراعلیٰ آفس8کلب روڈ کی جامعہ مسجد میں عید میلادالنبی ؐکے موقع پر روح پرور محفل کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے خصوصی شرکت کی۔محفل میلاد کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیاگیا۔قاری محبوب احمد چشتی نے تلاوت قرآن پاک کی سعادت حاصل کی۔امام جامعہ مسجد 8کلب روڈ قاری ساجد نواز نے سیرت النبیؐ پر روشنی ڈالی۔

محفل میلاد میںبارگاہ رسالتؐمیں ہدیہ عقیدت کے پھول پیش کئے گئے۔معروف نعت خوانوںمرغوب احمد ہمدانی ،اسرار اعظم چشتی،سرور حسین نقشبندی اورصوبائی وزیر پیر سید سعید الحسن شاہ نے نعت رسول مقبولؐ پیش کیں۔ محفل میلاد میں روح پرور مناظردیکھنے میں آئے۔صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعیدالحسن شاہ نے قرأت کی بھی سعادت حاصل کی اور نبی کریم ؐ کی شان رسالت بیان کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر پیر سید سعید الحسن شاہ نے آخر میں دعا کرائی۔ ملک و قوم کی سلامتی، ترقی و خوشحالی کے لئے دعا کی گئی۔مقبوضہ کشمیر کی آزادی اورکشمیری شہداء کیلئے بھی خصوصی دعا کی گئی۔ پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب، سیکرٹری کوآرڈینیشن وزیراعلیٰ، وزیراعلیٰ آفس کے افسران اور عملے ،محکمہ اوقاف کے افسران طاہررضا بخاری ودیگرنے محفل میلاد میں شرکت کی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر کہا کہ نبی کریم حضرت محمدؐ تمام جہانوں کیلئے رحمةاللعالمین ہیں اور آپؐ کا اسوہ حسنہ پوری دنیا کیلئے ایک مثالی حیثیت رکھتاہے۔ حضوراکرمؐ نے مختصر مدت میں مثالی نظام دے کر ریاست مدینہ کی بنیاد رکھی اور ریاست مدینہ ہم سب کیلئے رول ماڈل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ میں ہر ایک کو برابر کے حقوق حاصل تھے۔

نبی پاکؐ نے کمزور طبقے کو اس کا حق دیا۔ نبی آخرالزماںؐ نے اقلیتوں کو وہ حقوق دیئے جس کی مثال آج تک نہیں ملتی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں آج اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ ہم اپنی زندگیاں نبی پاکؐ کی روشن تعلیمات کے تحت گزاریں گے، اسی میں ہماری نجات اور اسی میں ہماری بقاء ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مسائل سے نکالنے کیلئے ریاست مدینہ کے زریں اصولوں پر چلنا ہوگا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے کسانوں کو اپنی اجناس ماڈل بازاروں میں فروخت کرنے کے فیصلے کی منظوری دے دی ہے۔ فیصلے کے مطابق صوبے کے 32 ماڈل بازاروں میں کسان براہ راست اپنی اجناس فروخت کرسکیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کسانوں کو اجناس کی فروخت کیلئے ماڈل بازاروں میں سٹال فراہم کرے گی اور کسانوں سے سٹالز کا کرایہ یا کوئی اور فیس نہیں لی جائے گی۔

کاشتکار کھیت سے سبزیاں اور پھل لا کر براہ راست ماڈل بازار میں عوام کو فروخت کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے صوبے میں زرعی فیئر پرائس شاپس کا دائرہ کار بھی بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صارفین کے حقوق کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنائیں گے اور پرائس کنٹرول میکانزم پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول کے حوالے سے حکومت زیروٹالرنس پالیسی پر عمل پیراہے۔

گراں فروشی کے خلاف جس ضلع سے شکایت آئی تو متعلقہ ڈپٹی کمشنر جوابدہ ہو گا۔ وزیراعلیٰ نے مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داروں کے خلاف بلا تفریق کریک ڈاؤن جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھی کسی دباؤ کے بغیر کارروائی کی جائے اور انتظامیہ پرائس کنٹرول کیلئے خود میدان میں نکلے کیونکہ دفتروں میں بیٹھ کر عوام کو ریلیف نہیں دیا جا سکتا۔

عملی اقدامات کر کے اشیائے ضروریہ کی مقررکردہ نرخوں پر فروخت یقینی بنائی جائے اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس عوام کو ریلیف دینے کیلئے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو روزانہ کی بنیادوں پر چیک کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سبزیوں، پھلوں اور دالوں کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ضلع کی سطح پر پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال انداز میں کام کرنا ہوگا۔

راجن پوراورڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقوںکے طلباء و طالبات کیلئے دانش سکولوں میں کوٹہ مختص : وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے راجن پوراورڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقوں میں فروغ تعلیم کیلئے مثبت اقدام کرتے ہوئے راجن پور اور ڈیر ہ غازی خان کے قبائلی علاقوں کے طلبا ء و طالبات کیلئے دانش سکولوں میں کوٹہ مختص کردیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس ضمن میں احکامات جاری کردیئے ۔

راجن پور اورڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقوں کے طلباء و طالبات کو دانش سکولوں میںمختص کی جانے والی26نشستوں پر داخلہ ملے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ راجن پور اورڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقوںکے طلباء و طالبات کوبھی تعلیم کے زیور سے آراستہ کریںگے۔ معیاری تعلیم پر پنجاب کے پسماندہ علاقوں کے بچوں کا بھی اتنا حق ہے جتنا اشرافیہ کے بچوں کااورہماری حکومت دوردراز علاقوں کے بچوں کو یہ حق واپس دے گی۔

تحریک انصاف کی حکومت صوبہ بھر میں تعلیم کے فروغ کیلئے مصروف عمل ہے۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب کے پسماندہ علاقوں میں نئی یونیورسٹیاں اورکالجز بنائے جارہے ہیں۔100نئے ماڈل سکولوں کی تعمیراورآفٹرنون سکولز پروگرام جاری ہے۔پنجاب حکومت ایک سال میں تعلیم کے شعبہ میں متعدد اصلاحات متعارف کرواچکی ہے اوران اصلاحات کے انتہائی مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ صوبے میں پہلی بار اساتذہ کے تبادلوں کیلئے ای ٹرانسفرسسٹم کی پالیسی پر کامیابی سے عمل کیا جارہا ہے ۔ ڈیرہ غازی خان میں میر چاکر خان رند ٹیکنالوجی یونیورسٹی میں اسی سال داخلوں کا آغاز بھی ہوچکا ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھکر میں تھل یونیورسٹی کے قیام کی اصولی منظوری دے دی ہے اور اس ضمن میں تھل یونیورسٹی بھکر کے قیام کے حوالے سے محکمہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب کی سمری منظور کر لی ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ تھل یونیورسٹی کے قیام سے ضلع بھکر اور اس کے گرد و نواح کے علاقوں کے طلبا و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کی سہولت ان کی دہلیز پر ملے گی اور بھکر اور قریبی علاقوں کے طلبا وطالبات کو اعلیٰ تعلیم کیلئے بڑے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔ بھکر میں یونیورسٹی آف سرگودھا کے سب کیمپس کو یونیورسٹی آف تھل کے سٹی کیمپس میں تبدیل کیا جائے گا۔

بھکر میں یونیورسٹی آف سرگودھا کا سب کیمپس 108 کنال اراضی پر مشتمل ہے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ 200 سے 300 ایکڑ اراضی پر بھکر میں تھل یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر بھکر کو تھل یونیورسٹی کیلئے اراضی کی جلد سے جلد نشاندہی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھل یونیورسٹی کے قیام کیلئے بل کا مسودہ فی الفور تیار کیا جائے۔

تحریک انصاف کی حکومت کیلئے تعلیم کے شعبہ کی بہتری اولین ترجیح ہے۔ہماری حکومت نے تعلیمی بجٹ میںگزشتہ مالی سال کے مقابلے میں خاطرخواہ اضافہ کیا ہے۔سابق ادوار میں تعلیم کے شعبہ کے حوالے سے زبانی جمع خرچ زیادہ کیا گیا۔ انہوںنے کہاکہ پنجاب حکومت نے ایک برس کے دوران صوبے میں 8 یونیورسٹیاں اور 5 انسٹی ٹیوٹس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور تھل یونیورسٹی کے قیام کی منظوری اسی سلسلے کی کڑی ہے اورہماری حکومت نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع دے کر انہیں بااختیار بنا رہی ہے۔

کرتار پور راہداری امن، ترقی اور محبت کا راستہ ہے،فاصلے سمٹیں گی: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ کرتار پور راہداری امن، ترقی اور محبت کا راستہ ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کرتار پور راہداری منصوبے کی افتتاح کرکے وہ تاریخ ساز کام کیا ہے جو کوئی نہیں کرسکا۔ کرتارپور کوریڈور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے ایک پل ہے۔

پاکستان نے اپنے طرز عمل سے ثابت کیا ہے کہ وہ خطے میں امن کا خواہش مند ہے۔انہوںنے کہا کہ بابا گرونانک کی550 ویں جنم دن کے حوالے سے کرتارپور راہداری منصوبے کا افتتاح خیرسگالی اور محبت کا پیغام ہے۔وزیراعظم عمران خان امن کے داعی ہیں اور ہمسایہ ممالک سے پرامن تعلقات کے حامی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان میں سکھوں سمیت تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی ہے۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان نے کرتارپور راہداری کھول کر بھارت کو ایک اور مثبت پیغام دیا ہے۔پنجاب کی مٹی میں محبت اور پیار کی آمیزش ہے اور اب امن اور محبت کی خوشبو کو کوئی پھیلنے سے نہیں روک سکتا۔ وزیراعظم عمران خان نے نئی تاریخ رقم کی ہے۔ انہوںنے کہا کہ کرتار پور راہداری کا منصوبہ فاصلے ختم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے سکھ برادری کوباباگرونانک دیو جی کی550ویں جنم دن پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ باباگرونانک دیو جی کا جنم دن سکھ برادری کا روایتی مذہبی اور خوشیوں بھرا تہوار ہے اور ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہونے سے بھائی چارے اور یکجہتی کو فروغ ملتا ہے۔

بابا گرو نانک دیوجی مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کی بہترین مثال تھے۔بابا گرو نانک کا شمار ان ہستیوں میں ہوتا ہے جنہوں نے انسانیت سے پیار، اخوت و بھائی چارے کے پیغام کو عام کیا اور ہم سکھ برادری کو باباگرونانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے پنجاب آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ کرتار پور راہداری کھلنے سے سکھ برادری کی خوشیاں دوبالا ہوگئی ہیں اوربلاشبہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کرتار پور راہداری کا افتتاح تحریک انصاف کی حکو مت کا مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ایک تاریخ ساز اقدام ہے۔

انہوںنے کہاکہ پنجاب سمیت پاکستان میں سکھ برادری کے مقدس مقامات موجود ہیں اور خوشی ہے کہ ہمیں ہر سال سکھ بہن بھائیوں کی خدمت کا موقع ملتا ہے۔ سکھ برادری کو مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے تمام سہولیات فراہم کی گئی ہیں اور سکھ برادری کو اپنے عقائد کے مطابق زندگی بسر کرنے کی مکمل آزادی ہے۔ سکھ برادری کے گوردواروں کی دیکھ بھال ، تزئین و آرائش اور سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

سکھ برادری کو مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے ہرطرح کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔انہوںنے کہاکہ سکھ برادری سمیت اقلیتوں کی فلاح وبہبود حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اقلیتوں کو بنیادی حقوق کی فراہمی اور ان کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے راجن پور اور ڈیرہ غازی خان میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن کے دوران پولیس اہلکاروں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے شہید اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے شہید پولیس اہلکاروں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ فرض کی ادائیگی کے دوران شہادت کا بلند رتبہ پانے والے پولیس اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ وطن کے امن کی خاطر جانیں قربان کرنے والے شہداء ہمارے ہیرو ہیں۔ شہید اہلکار پنجاب پولیس کا فخر ہیں اور شہداء کی قربانیوں کے باعث وطن کو امن نصیب ہوا ہے اور ہم شہداء کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے واقعہ کے بارے میں آر پی او ڈیرہ غازی خان سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات