ڈیرہ بگٹی رٹرننگ آفیسر کیخلاف کئی امیدواروں کو شدید تحفظات ہیں ،میرطارق

منگل 12 نومبر 2019 00:04

ڈیرہ بگٹی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 نومبر2019ء) سابق صوبائی وزیر اور حلقہ این اے 259 کے امیدوار میر طارق کھیتران نے کہا ھے کہ ڈیرہ بگٹی رٹرننگ آفیسر کے متعلق ان سمیت کئی امیدواروں کو شدید تحفظات ہیں کیونکہ بقول ان کے موجودہ آر او کے ان کے سیاسی حریف سے قریبی تعلقات ہیں انہوں نے یہ گفتگو گزشتہ روز ڈیرہ بگٹی میں مقامی صحافیوں سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کی میر طارق کھیتران نے الزام لگایا کہ ڈیرہ بگٹی کے موجودہ ایم پی اے نوابزادہ گہرام بگٹی جو کہ نوابزادہ شازین بگٹی کے چھوٹیبھائی ہیں وہ براہ راست موجودہ انتخابی مہم میں مداخلت کر رھے ہیں جس کا ثبوت یہ ھے کہ ری الیکشن کے لئے بیلٹ پیپر پہنچتے ہی موصوف نے آر او کے رہائش گاہ پر پہنچ کر ہمارے خدشات کو حقیقت کا روپ دے دیا جو کہ پاکستانی آئین اور قانون کی بھی خلاف ورزی ھے جبکہ موجودہ آر او یعنی ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ان کے تحفظات کو دور کرنے کے بجائے لیت ولیل سے کام لے رھے ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ موجودہ الیکشن کے عمل کو شفاف بنانے کے لئے ضروری ھے کہ آر او سمیت تمام عملے کو فی الفور تبدیل کرکے ری پولنگ کے عمل میں ایسی الیکشن ٹیم تعینات کیا جائے جو کہ مکمل غیر جانبدار غیر متنازعہ اور تمام فریقین کے لئے قابل قبول ہو یاد رھے کہ حلقہ این اے 259 سے کامیاب ہونے والے نوابزادہ شاہ زین بگٹی کی کامیابی کو دوسرے نمبر پر آنے والے میر طارق کھیتران نے الیکشن ٹریبونل میں چیلنج کیا تھا بعد ازاں سپریم کورٹ آف پاکستان نے بھی الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کو درست قرار دیتے ہوئے ڈیرہ بگٹی کے 29 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کرنے کا حکم دیا تھا سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق رواں ماہ کے سترہ تاریخ کو ڈیرہ بگٹی کے 29 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا عمل دہرایا جائے گا جہاں کم و بیش سینتالیس ہزار ووٹر اپنے رائے حق دہی کا استعمال دوبارہ کرینگے۔