Live Updates

سی پی او فیصل رانا کی اچانک تبدیلی پر راولپنڈی کے لوگ حیران

بچوں کو زیادتی کا نشانہ بنا کر ان کی برہنہ ویڈویوسکینڈل کی تحقیقات ابھی جاری ہیں الوداعی لمحات میں پنڈی پولیس کے ہر اہلکار کی آنکھ اشکبار تھی

اتوار 1 دسمبر 2019 15:15

سی پی او فیصل رانا کی اچانک تبدیلی پر راولپنڈی کے لوگ حیران
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2019ء) عالمی سطح کے کریمنل گینگز اور پنڈی میں دہشت کی علامت بننے والے گینگسٹرز کی گرفتاری پر وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ سے شاباش پانے والے سی پی او فیصل رانا کی اچانک تبدیلی پر مقامی لوگوں کی حیرانگی ،اوورسیز پاکستانیوں کو لوٹنے والے گینگ کی گرفتاری نے بھی تبدیل ہونے والے سی پی ا وکو عالمی سطح پر مقبول کیا،پنڈی کی تاریخ میں پھولوں کے ہاروں اور پنڈی پولیس کے ہر اہلکار کے آنسوؤں کی مالاؤں نے فیصل رانا کو رخصت کر کے الوداعی لمحات کی نئی تاریخ رقم کر دی،تفصیلات کے مطابق پنجاب کی بیوروکریسی کے حالیہ اکھاڑ پچھاڑ کے دوران راولپنڈی میں ’’کرائم فائٹر‘‘ کی حیثیت سے پہچانے جانے والے سی پی او ڈی آئی جی محمد فیصل رانا کی تبدیلی پر راولپنڈی کے عوام خوش نظر نہیں آتے اور ان کی خواہش تھی کہ فیصل رانا راولپنڈی میں ہی اپنی ذمہ داری جاری رکھیں ،فیصل رانا نے اپنی تعیناتی کے دوران بچوں کو زیادتی کا نشانہ بنا کر ان کی برہنہ ویڈویو سوشل میڈیا پر چلانے والے عاملی سطح کے ’’میاں بیوی‘‘ گینگ کو گرفتار کیا،جن کا مقدمہ وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے ذریعے عدالت میں زیر سماعت ہے،ڈی آئی جی فیصل رانا نے بچوں کو بدفعلی کا نشانہ بنا کر ان کی لائیو ویڈیو چلانے والے انترنیشنل ڈارک ویب کے اس سرغنہ کو گرفتار کیا جو برطانیہ اور اٹلی میں اسی مکروہ دھندے میں جیل کاٹ کر ڈی پورٹ ہو چکا تھا ملزم سہیل ایاز نے پاکستان میں انڈے اور چائے بیچنے والے محنت کش بچوں سمیت 30بچوں کو زیادتی کا نشانہ بنانے کا کود اعتراف کیا اس کی گرفتاری پر 24گھنٹے پاکستانی و عالمی میڈیا ڈی آئی جی محمد فیصل رانا کی پروفیشنل پولیسنگ کا معترف رہا،یہ ملزم بھی اپنے ساتھیوں سمیت قانون کی گرفت میں ٹرائل بھگت رہا ہے،فیصل رانا کے احکامات کی روشنی میں ایس پی پوٹھوہار سید علی اور ایس ایچ او اعزاز عظیم نے اوورسیز پاکستانیوں کو لوٹنے والے انٹرنیشنل’عامری‘‘گینگ کو گرفتار کیا،فیصل رانا نے راولپنڈی میں خوف کی علامت سمجھے جانے والے مختلف ’’فلمی‘‘ ناموں کے 80سے زائد گینگسٹرز گرفتار کئے،ان کی اس شاندار کارکردگی پر لاہور صوبائی کابینہ کے اجلاس میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے انہیں شاباش دی،ان کی کارکردگی کو مثالی اورقابل تقلید قرار دیا،پنجاب پولیس چونیاں ضلع قصور میں بچوں کے ساتھ بدفعلی اور قتل کے حوالے سے اس قدر دفاعی پوزیشن پر آ چکی تھی کہ کسی کے پاس کوئی جواب نہیں تھا اس صورتحال میں ڈی آئی جی فیصل رانا نے پنڈی کا ہر بچہ میرا بچہ کا نعرہ لگا کر بچوں کو بدفعلی کا نشانہ بنانے والے ہر ملزم کو گرفتار کیا چاہے وہ سماجی طور پر کتنا ہی با اثر کیوں نہ ہو،راولپنڈی میں قتل ہونے والے تاجر کے قاتل ڈاکوؤں اور ایکسپورٹر سے اڑھائی کروڑ روپے مالیت کے ڈالرز چھیننے والے گینگ کو فیصل رانا نے گرفتار کیا،ایکسوپرٹرز،تاجر،صنعتکار،وکلائ سماجی تنظیمیں اور بچوں کے والدین فیصل رانا کوخراج تحسین پیش کرنے کے لئے تقریب کا انتظام کر رہے تھے کہ انہیں اچانک ’’اکھاڑ پچھاڑ‘‘ میں تبدیل کر دیا گیا،یہ سب حلقے سوال اٹھا رہے ہیں کہ جس سی پی او کی کارکردگی پر وزیر اعظم،وزیر اعلیٰ اور راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے وزیر قانون راجہ بشارت خود معترف تھے اس کی تبدیلی حکومتی فیصلے پر ایک سوالیہ نشان رہے گا ،پنڈی پولیس میں فیصل رانا کی مقبولیت کا یہ عالم ہے کہ ہفتہ کے روز انہیں دفتر سے رخصت کیا گیا تو اسقدر پھولوں کے ہار پہنائے گئے کہ لگتا تھا کہ پنڈی کے سارے پھول سی پی او آفس آ گئے ہیں،ایس ایس پیز سے لے کر پولیس کانسٹیبل تک ہر اہلکار کی آنکھوں میں آنسوؤں کی وہ مالائیں تھیں جس نے پنڈی میں سی پی او کی رخصتی کی تاریخ رقم کر دی،سوشل میڈیا پر ایک ہی پوسٹ ٹاپ ٹرینڈ ہے کہ’’گینگسٹرز اور عالمی سطح کے قانون شکنوں‘‘ کو گرفتار کرنے پر پنڈی کی عوام کو فیصل رانا کی ’’تبدیلی‘‘ کا تحفہ دے دیا گیا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات