انٹرنیٹ پر مسلسل پابندی کے خلاف جموں میں پینتھرز پارٹی کا احتجاجی مظاہرہ

بھارتی حکومت جموں و کشمیر کی صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت نہیں رکھتی، ہرش دیو سنگھ

پیر 2 دسمبر 2019 12:58

انٹرنیٹ پر مسلسل پابندی کے خلاف جموں میں پینتھرز پارٹی کا احتجاجی مظاہرہ
جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2019ء) مقبوضہ کشمیر میںپینتھز پارٹی کے کارکنوں نے موبائل انٹرنیٹ سروسز پر مسلسل پابندی کے خلاف جموں کے نمائش گرائونڈ میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے کی قیادت پارٹی چیئرمین ہرش دیو سنگھ اور دیگر رہنمائوں نے کی۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مظاہرین نے قابض حکام کے خلاف اور انٹرنیٹ سروسز کی بحالی کے حق میں نعرے لگائے۔

(جاری ہے)

ہرش دیو سنگھ نے گزشتہ 118روز سے جموں خطے میں موبائل انٹرنیٹ سروسز کی معطلی پربھارتی حکومت کی مذمت کرتے ہوئے اس کو ظالمانہ اورآمرانہ اقدام قراردیاجس سے لوگوں کو پتھر کے دور میں دھکیلا گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ جب بھارتی حکومت دعویٰ کرتی ہے کہ علاقے میں صورتحال معمول کے مطابق ہے توانٹرنیٹ پر پابندی کا کیا جواز ہے۔ انہوںنے کہاکہ اس پابندی سے صرف یہ حقیقت واضح ہوجاتی ہے کہ موجودہ حکومت میں جموں وکشمیر میں صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت ہی نہیں ہے۔