Live Updates

تحریکِ انصاف حکومت میں اقربا پروری کی کوئی گنجائش نہیں، عثمان بزدار کی کارکردگی اپوزیشن کو ہضم نہیں ہو رہی، پی آئی سی کو واقعہ کے 48 گھنٹوں کے اندر پہلے سے بہتر انداز میں فعال کر دیا گیاہے،

جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ کو دس، دس لاکھ مالیت کے چیک ، توڑ پھوڑ کا شکار ہونے والی 23 سے زائد گاڑیوں کے مالکان کو بھی پچاس ہزار سے ڈیڑھ لاکھ تک کی رقوم ادا کر دی گئی ہیں، صو با ئی وزیرِ اطلاعات فیاض الحسن چوہان کی پر یس کا نفر نس

ہفتہ 14 دسمبر 2019 20:03

تحریکِ انصاف حکومت میں اقربا پروری کی کوئی گنجائش نہیں، عثمان بزدار ..
لاہور۔14 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2019ء) صو با ئی وزیرِ اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ تحریکِ انصاف کی حکومت میں اقربا پروری کی کوئی گنجائش نہیں، ریاست کے لئے ہر کمیونٹی، شعبہ، ادارہ یا فرد برابر ہے، وزیراعلٰی پنجاب سردار عثمان بزدار کی کارکردگی اپوزیشن کو ہضم نہیں ہو رہی، نواز شریف نے مرکز میں قوانین کی خلاف ورزی اور اقربا ء پروری کی انتہا کرتے ہوئے بیگم صفدر اعوان کو 100 ارب کے فنڈ پر بٹھا دیا، پہلے دعویٰ کیا گیا کہ وہ پی ایچ ڈی ہیں اور متعلقہ شعبے میں کام کا تجربہ رکھتی ہیں، بعد میں ایم فل اور عدالتی کارروائی کے دوران وہ ایم اے نکلیں وہ بھی شاید پنجابی میں، سردار عثمان بزدار کی جانب سے شروع کیا جانے والا ہنرمند نوجوان پروگرام، جس کے لئے ڈیڑھ ارب روپے مختص کئے گئے ہیں، اس طرح کی کسی بھی قباحت سے پاک ہے اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے کسی بھائی، بیٹے یا رشتے دار کو اس میں نہیں نوازا گیا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر برائے اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے ڈی جی پی آر آفس میں ہنر مند نوجوان پروگرام کی تفصیلات اور پی آئی سی واقعہ کی پیش رفت سے متعلق کی گئی ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ انہوں نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ہنر مند نوجوان پروگرام کے تحت 16 سے 30 سال کی عمر کے ایک لاکھ نوجوانوں کے لئے ملکی صنعتی ضروریات کے مطابق 56 خصوصی کورسز شروع کئے جا رہے ہیں جن سے ان نوجوانوں کو اندرون و بیرون ملک روزگار مل سکے گا۔

اس مقصد کے لئے اوورسیز پاکستانیز کمیشنز اور وزارتِ خارجہ میں خصوصی ڈیسک بھی قائم کئے جائیں گے۔ وزیرِ اطلاعات نے پی آئی سی واقعہ پر اب تک کی حکومتی پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں روزانہ کی بنیاد پر کابینہ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر کا اجلاس ہو رہا ہے جس کے نتیجے میں گزشتہ تین دن سے صورتحال قابو میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی سی کو واقعہ کے 48 گھنٹوں کے اندر پہلے سے بہتر انداز میں فعال کر دیا گیاہے، جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ کو دس دس لاکھ مالیت کے چیک جبکہ توڑ پھوڑ کا شکار ہونے والی 23 سے زائد گاڑیوں کے مالکان کو بھی پچاس ہزار سے ڈیڑھ لاکھ تک کی رقوم ادا کر دی گئی ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید بتایا کہ ہسپتالوں، ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو مستقبل میں ایسے کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچانے کے لئے بل بھی جلد اسمبلی میں پیش کیا جا رہا ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کی پی آئی سی واقعہ میں ملوث ہونے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ حسان نیازی کے اپنے ٹویٹ کے مطابق وہ پی ٹی آئی سے منسلک نہیں ہیں۔ وہ پہلے ن لیگ کے سپورٹر، حفیظ اللہ نیازی کے بیٹے اور وزیراعظم کے بھانجے بعد میں ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے زور دیتے ہوئے کہا کہ بزدار حکومت میں قانون سب کے لئے یکساں ہے۔

اب پنجاب میں راحت بیکری جیسے واقعات نہیں ہونگے جس میں شہباز شریف کے داماد علی عمران جس نے کیک لیٹ ملنے پر بیکری اور ملازمین کا حلیہ بگاڑ دیا تھا، اور اس کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا گیا تھا۔ نواز شریف کی صحت اور پاکستان واپسی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ نواز شریف جب پاکستان سے گئے تو لمبی سیریں کرتے رہے، مہنگے بازاروں اور بڑے بڑے ہوٹلوں کے چکر لگاتے پا ئے گئے اور جب واپسی کی باری آئی تو بیمار ہو کر بیٹھ گئے۔

نئے صوبے بنانے کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ وفاقی موضوع ہے۔ البتہ جنوبی پنجاب کی محرومیوں کا ازالہ کرنے کے لئے حکومت تمام اقدامات برو ئے کار لا رہی ہے۔ انہوں ڈاکٹرز اور وکلا ء حضرات سے اپیل کی کہ وہ عقلمندی اور امن پسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صورتحال کو قابو میں رکھیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات