جمعیت علماء اسلام کے رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے،بلاجواز ہیں ، قاری محمد عثمان

پارٹی کی حکومت میں جے یو آئی کے رہنماؤں کو ہراساں کرنا لمحہ فکریہ ہے۔ عدلیہ پر آوازیں کسنے اور ججز کی پگڑیاں اچھالنے والے انصافیوں اور انکی قیادت کو اپنے ماضی کی بھڑکیں کیوں بھول گئی، صوبائی رہنما

جمعہ 20 دسمبر 2019 23:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 دسمبر2019ء) جمعیت علماء اسلام کے رہنماء قاری محمد عثمان نے کہاکہ جمعیت علماء اسلام کے رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے،بلاجواز پولیس چڑھائی ناقابل برداشت ہے۔پیپلزپارٹی کی حکومت میں جے یو آئی کے رہنماؤں کو ہراساں کرنا لمحہ فکریہ ہے۔ عدلیہ پر آوازیں کسنے اور ججز کی پگڑیاں اچھالنے والے انصافیوں اور انکی قیادت کو اپنے ماضی کی بھڑکیں کیوں بھول گئی ہیں۔

بعض علماء شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار بننے کی کوشش کررہے ہیں۔مولانا محمد یوسف لدھیانوی،مولانا حسن جان،مفتی نظام الدین شامزئی،مفتی محمد جمیل خان،مولانا سعید احمد جلال پوری، مفتی عتیق الرحمن،غازی عبدالرشید سمیت سینکڑوں علماء کس دور میں شہید ہوئی وہ ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی سے وفد کے ہمراہ ملاقات،بزرگ رہنماء قاری شیر افضل خان سے انکی اہلیہ کے انتقال پر اظہار تعزیت، مولانا سلیم اللہ خان ترک کی عیادت کے موقع پر گفتگو کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ضلعی امیر مولانا فتح اللہ،حاجی محمد ادریس،سابق سینیٹر ڈاکٹر محمد اسماعیل بلیدی،حافظ فاروق سید حسن زئی، مفتی علیم الحق،مولانا مشتاق الرحمن زاھد،جمال خان کاکڑ،قاری زرداد،دانیال چوہدری، قاری راحت اللہ میدانی،رشید احمد خاکسار،مفتی انس محمود، زین العابدین اور دیگر احباب موجود تھے۔ قاری محمد عثمان نے کہاکہ سندھ حکومت کو جمعیت علماء اسلام کے رہنماؤں اور کارکنوں پر چڑھائی سے پہلے اپنی پوزیشن واضح کرنی ہوگی۔

ورنہ ہم یہ سمجھنے پر مجبور ہوں گے کہ سندھ حکومت عمرانی حکومت کے ایجنڈے کی تکمیل کرنا چاہتی ہے۔قاری محمد عثمان نے کہا کہ جمال خان کاکڑ کے گھر اور دوکان پر ایک درجن سے زائد پولیس گاڑیوں کے قافلے میں چھاپہ محض اتفاقی یا معمول کی کاروائی نہیں بلکہ جمعیت علماء اسلام کے خلاف کریک ڈاون کا آغاز ہے۔ انہوں نے ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی سے درخواست کی ہے کہ جے یو آئی کے رہنماء جمال خان کاکڑ کے گھر اور دوکان پر مارے جانے والے بلاجواز پولیس چھاپے کی انکوائری کرکے جمعیت علمائ اسلام کے کارکنوں میں پائے جانے والے غصے اور اضطراب کو ختم کیا جائے۔

ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی نے وفد کو یقین دلایا ہے کہ وہ جلد اس چھاپے کے حقائق سے آگاہ کریں گے۔ قاری محمد عثمان نے جماعتی احباب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علمائ اسلام آئین اور قانون کی علمبردار جماعت کے ہوتے ہوئے پی ٹی آئی کی طرح نہ تو آئین شکنی پر یقین رکھتی ہے اور نہ ہی قول و فعل میں تضاد رکھتی ہے۔ کل بھی اصولوں کے مطابق جنرل پرویز مشرف کے مظالم کے خلاف تھی اور آج بھی انہیں ظالم سمجھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت نے کل جنرل پرویز مشرف کو غدار اور پھانسی کی سزا کا مستحق قرار دیا تھا۔ کل ججز کی بحالی کی تحریک چلائی تھی آج انہی ججز کو نااہل اور ظالم قرار دیکر جنرل پرویز مشرف کو ہزاروں پاکستانیوں کے قتل اور امریکی حکومت کی حوالگی کے سنگین جرائم سے بے گناہ قرار دے کر آئین پاکستان اور قانون وانصاف کی دھجیاں اڑا رہی ہے۔

قاری محمد عثمان نے کہاکہ قوم آج اور کل کے حالات و واقعات،قول و فعل کے تضاد کی نہ صرف گواہی دے رہی ہے بلکہ ہر یو ٹرن پر بھی گہری نظر رکھتی ہے۔ قاری محمد عثمان نے کہاکہ جنرل پرویز مشرف کے دور میں پاکستان کے چوٹی کے بے گناہ اور بیضرر سینکڑوں علمائ کرام،طلبائ وطالبات سمیت ہزاروں پاکستانیوں کی شہادت، سینکڑوں مساجد اور مدارس کو مسمار کئے جانا ان بعض علمائ اور بڑے لوگوں کی نظروں سے کیوں اوجھل ہوگیا ہے۔#