بلاول دوسروں پر تنقید کی بجائے سندھ میں کچھ کر کے دکھائیں:اعجازاحمدچوہدری

وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان بنے گا اور عوام سے کئے گئے وعدے پورے کئے جائیںگے، صدر سنٹرل پنجاب پی ٹی آئی

ہفتہ 28 دسمبر 2019 23:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 دسمبر2019ء) پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کے صدر اعجازاحمدچوہدری نے کہا ہے کہ بلاول زردار ی جنتی مرضی بھڑکیں مار لیں انہیں کچھ نہیں ملنے والا ، پیپلزپارٹی پنجاب سے بُری طرح مسترد ہوچکی ہے اور آئندہ انتخابات میں یہ سندھ سے بھی مسترد ہو جائے گی، لاڑکانہ کی شکست سے پیپلزپارٹی کو سبق حاصل کرنا چاہئے اور الزام تراشیوں کا سلسلہ بند کرنا چاہئے ، سندھ میں پیپلزپارٹی کو حکومت میں مسلسل 12واں سال ہے ، مگر سندھ کی عوام کے حالات پہلے سے بھی بدتر ہوچکے ہیں، بلاول زرداری دوسروں پر بلاجواز تنقید کرنے کی بجائے سندھ میں کچھ کر کے دکھائیںاور ابو بچائو اور کرپشن بچائو مہم کی بجائے سندھ کی عوام کو روٹی کپڑا اور مکان فراہم کریں۔

ان خیالات کا اظہاراعجازاحمدچوہدری نے گذشتہ روز اپنے انتخابی حلقہ این اے 133 ، یوسی 225 میں سیوریج ، واٹر سپلائی لائنوں اور سٹریٹ لائٹس و دیگر ترقیاتی کاموں کے افتتاح کے موقع پرکیا ، جبکہ اس موقع پر عمران مانا ، محسن شاہ، راناقیصر،شبیرسیال، فیاض بھٹی، عبدالکریم کلواڑ، آفتاب افگن، علی رضانقوی، محمد علی مہر، رضوان،چوہدری ذوالفقار ایڈووکیٹ، منفرگوندل، فرخ امین سمیت بڑی تعداد میں کارکنان اور اہل علاقہ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اعجازاحمدچوہدری نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت غریب عوام کے لئے عملی طور پر اقدامات اٹھا رہی ہے، سابقہ حکمرانوں کی نااہلی اور کرپشن کی وجہ سے آج ملک مسائل کی دلدل میں دھنسا ہوا ہے ، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان بنے گا اور عوام سے کئے گئے وعدے پورے کئے جائیںگے، تحریک انصاف کی حکومت دن رات تمام مسائل کو حل کرنے کے لئے کوشاں ہے او ر انشاء اللہ پاکستان موجود بحرانوں سے نکلے گا اور جلد خوشحالی کا دور شروع ہوگا ۔