سعودی عرب میں سردی نے کڑاکے نکال دیئے

محکمہ موسمیات نے اگلے تین روز کئی علاقوں میں اچھی خاصی برف باری ہونے کی خبر سُنا دی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 2 جنوری 2020 14:27

سعودی عرب میں سردی نے کڑاکے نکال دیئے
جدہ(اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 2 جنوری2019ء) سعودی عرب کا شمار دُنیا کے گرم ترین خطوں میں ہوتا ہے۔ یہاں کا سرد موسم بھی دیگر خطوں کے مقابلے میں اچھا خاصا گرم ہوتا ہے۔ تاہم اس بار پاکستان کی طرح سردی کے شدید لہر نے سعودیوں کی بھی ہڈیاں جما دی ہیں۔ کئی علاقوں میں ٹھنڈ اتنی بڑھ گئی ہے کہ وہاں پر برف باری ہورہی ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اگلے تین روز یعنی جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو سعودی عرب کے متعدد علاقوں میں برف باری ہو گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق تبوک کے بالائی علاقے علقان اور الظہر کے علاوہ طریف اور القریات میں بھی برف باری ہونے کا قوی امکان ہے۔ جبکہ کئی مقامات پر درمیانے درجے کی بارش کا بھی امکان ہے۔ اس وقت سب سے زیادہ سردی طریف میں پڑ رہی ہے جہاں درجہ حرارت ایک سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ الجوف، القریات، رفحاء اور عرعر بھی ٹھنڈ کے تھپیڑوں کی لپیٹ میں ہیں۔

عرعر میں درجہ حرارت 5 سینٹی گریڈ، جبکہ رفحا اور الجوف میں 6 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اخبار 24 کے مطابق ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعہ اور ہفتے کو مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، تبوک، الجوف اور شمالی حدود میں بوندا باندی ہو گی جبکہ القصیم، ریاض، مشرقی ریجن، الباحہ، عسیر اور جازان میں ہفتے اور اتوار کو درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے۔

عسیر، الباحہ اور جازان میں ہفتے اور اتوار کو درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے۔ ریاض ، حائل، الجوف اور شمالی ریجن میں بھی رواں ہفتے رات کے وقت موسم بے حد ٹھنڈا رہے گا۔جبکہ مدینہ منورہ اور مشرقی ریجن میں اگلے چار روز تک موسم دِن کے وقت درمیانہ ہو گا اور رات کو خُنکی بڑھ جائے گی۔ مُلک کے دیگر علاقوں میں موسم دِن میں معتدل اور رات کو ٹھنڈا رہے گا۔

واضح رہے کہ اس بار سعودی عرب نے معمول سے کہیں زیادہ بارشیں ہوئی ہیں جس کی باعث سرکاری اور نجی املاک کا کروڑوں ریال کا نقصان ہوا ہے، جبکہ نشیبی علاقوں اور وادیوں میں کئی افراد سیلابی ریلے میں پھنس جانے کے باعث اپنی زندگیوں سے بھی محروم ہو چکے ہیں۔ محکمہ شہری دفاع نے سینکڑوں افراد کو بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا ۔ سرد علاقوں میں دُھند کے باعث ڈرائیورز کو گاڑیاں احتیاط اور کم رفتار سے چلانے کی ہدایت کی گئی ہے۔