فاروق ستار نے "جئے بھٹو" کا نعرہ لگا دیا

رہنما ایم کیو ایم کے نعرے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

Khurram Aniq خُرم انیق جمعرات 9 جنوری 2020 13:27

فاروق ستار نے "جئے بھٹو" کا نعرہ لگا دیا
کراچی (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-09جنوری2020ء)   رہنما ایم کیو ایم فاروق ستار کی جانب سے "جئے بھٹو"  کا نعرہ لگا یا گیا۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نوجوانوں میں موجود رہنما ایم کیو ایم کی جانب سے یہ نعرہ لگایا گیا۔واضح رہے کہ فاروق ستار کا تعلق پیپلز پارٹی سے نہیں بلکہ متحدہ قومی مومنٹ سے ہے۔کراچی سے نامور سیاستدان فاروق ستار نے ایم کیو ایم سے تعلق ہونے کے باوجود پیپلز پارٹی کا نعرہ لگایا جس کے بعد یہ تاثر سامنے آ رہا ہے کہ شایدوہ پیپلز پارٹی میں شمولت اختیار کرنے والے ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ نعرہ نہ تو مذاق میں لگایا گیااور نہ ہی کسی پریشر کی صور ت میں۔ نوجوانوں کی جانب سے پہلے جئے مرتضیٰ کا نعرہ لگا گیا جس پر فاروق ستار چپ رہے لیکن جیسے ہی جئے بھٹو کا نعرہ بلند ہوا، سیاسی رہنما سے چپ نہ رہا گیا اور انہوں نے عوام کے ساتھ مل کر یہ نعرہ لگا دیا۔

(جاری ہے)

کراچی کے سابق میئر اور ایم کیو ایم کے ایک اہم رکن فاروق ستار کی جانب سے لگائے گئے اس نعرہ نے نہ صرف کراچی کی سیاست، بلکہ سوشل میڈیا پر ایک سوال کو جنم دے دیا ہے کہ کیا وہ پارٹی تبدیل کرنے جا رہے ہیں؟ واضح رہے کہ "جئے بھٹو " کا نعرہ پاکستانی پیپلز پارٹی کا ہے جو کہ اس وقت ممکنہ طور پر سندھ کی سب سے بڑی جماعت ہے۔

یہ نعرہ پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے نام سے منسوب ہے جو کہ آج تک چلتا آ رہا ہے۔سندھ میں ایک نامور پارٹی ہونے کی حیثیت سے پیپلز پارٹی کو آج وہ مقام حاصل ہے جو کہ ایک وقت میں ایم کیو ایم کو تھا یا موجودہ دور میں پنجاب میں نون لیگ کو ہے۔فاروق ستار کی جانب سے ایسے نعرے نے ایم کیو ایم کراچی کو پریشان کر دیا ہے کہ شاید وہ اپنی سیاسی جماعت تبدیل کر سکتے ہیں۔واضح رہے کہ فاروق ستار ایم کیو ایم کے سینئیر رہنماوں میں سے ایک ہیں جو کہ ایم کیو ایم کے شروعات کے دنوں میں بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے ساتھ تھے۔