اسلام آباد سکول فار گرلز ایف سیون ون میں پانڈا بیگز کی تقسیم

چین پاکستان میں 50 ووکیشنل ٹریننگ سنٹر قائم کر رہا ہے جس سے نوجوانوں کو ہنر سکھائے جا ئیں گے اور غربت میں کمی آئی گی، شفقت محمود

جمعرات 9 جنوری 2020 15:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جنوری2020ء) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ چین پاکستان میں 50 ووکیشنل ٹریننگ سنٹر قائم کر رہا ہے جس سے نوجوانوں کو ہنر سکھائے جا ئیں گے اور غربت میں کمی آئی گی،پانڈا بیگز سے بچوں کی تعلیمی سرگرمیوں میں دلچسپی بڑھے گی جس سے انکی قابلیت میں بھی اضافہ ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اسلام آباد سکول فار گرلز ایف سیون ون میں غربت کے خاتمے سے متعلق چینی فائونڈیشن (سی ایف پی ای)،ہلال احمر اور فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کی جانب سے بچوں میں پانڈا بیگز کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان طویل مدتی دوستی ہے جو وقت کے ساتھ ساتھ مزید گہری اور مضبوط ہوتی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چین نے گزشتہ 40سالوں کے دوران 10کروڑ چینی باشندوں کو غربت سے نکالا ہے اس شاندار کامیابی پر پاکستان میں تقریب میں موجود چینی سفیر یائو جنگ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پہلی بار اس سکول میں آیا ہوں بچوں کی شاندار پرفارمنس اور سکول کے شاندار ماحول کو دیکھ کر دلی خوشی ہوئی اس کامیابی پر پرنسپل مبارکباد کی مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چئیرمین ہلال احمر ابرار الحق نے چینی سفیر کے ساتھ مل کر بچوں کے لئے ایک اچھا اقدام اٹھایا ہے انکو یہاں دیکھ کر خوشی ہوئی یہ وزیر اعظم عمران خان صاحب کے مخلص ساتھی اور فالور ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں موجود چینی سفیر یائو جنگ نے کہا کہ چین ،پاکستان میں جاری سی پیک منصوبے کے تحت 50 ٹیکنیکل ٹریننگ سنٹر کا قیام عمل میں لا رہا ہے جہاں پاکستانی نوجوانوں کو ٹریننگ دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل میں چینی عوام کے پاکستانی عوام اور دونوں معاشروں کے درمیان باہمی مضبوط ہوں گے اور پانڈا بیگز سے یہ تعلق بچوں تک پہنچے گا جو سب سے بڑی خوشی کی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاق کے سکولوں میں 20ہزار پانڈا بیگز تقسیم کئے جایئں گے۔تقریب کے اختتام پر وفاقی وزیر شفقت محمود،چینی سفیر یائو جنگ اور ہلال احمر کے چئیرمین ابرار الحق نے سکول کے بچوں میں پانڈا بیگز تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :