اکتوبر2005ء کے زلزلہ متاثرہ تعلیمی اداروں و صحت عامہ کے منصوبوں کی تکمیل کیلئی42 ارب روپے فراہم جائیں،

وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا وزیر اعظم عمران خان کو خط

پیر 13 جنوری 2020 16:48

اکتوبر2005ء کے زلزلہ متاثرہ تعلیمی اداروں و صحت عامہ کے منصوبوں کی تکمیل ..
مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2020ء) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے 8 اکتوبر 2005ء کے زلزلہ متاثرہ تعلیمی اداروں و صحت عامہ کے ایرا کونسل کی جانب سے منظور شدہ منصوبوں کی تکمیل کیلئے 42 ارب روپے فراہمی کی اپیل کی ہے۔ راجہ محمد فاروق حیدرخان نے وزیراعظم عمران خان کے نام خط میں کہا ہے کہ آٹھ اکتوبر 2005ء کے تباہ کُن زلزلے میں قیمتی انسانی جانوں اور املاک کے نقصان کے بعد عالمی برادری نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر زلزلہ متاثرین کی بحالی اورتعمیر نو کے لیے بھرپور مالی معاونت کی ،حکومت پاکستان کی جانب سے زلزلہ متاثرہ علاقوںمیں 2192 منصوبوں کی تکمیل کیلئے 42 ارب روپے کی رقم درکار ہے، حکومت پاکستان کی مالی معاونت سے شروع کیے گئے 1297منصوبے تکمیل کے مختلف مراحل میں ہے۔

(جاری ہے)

ان منصوبوں میں تعلیم، صحت اورگورننس کے منصوبے شامل ہیں۔وزیراعظم آزادکشمیر نے اپنے 8 جنوری کو لکھے مکتوب میں کہا ہے کہ ایراء کونسل نے ان منصوبوں کی باقاعدہ منظوری دے رکھی ہے جبکہ وفاقی کابینہ کی جانب سے ایراء کو نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی میں ضم کرنے کے فیصلے میں ان منصوبوں کی تکمیل کے لیے درکار فنڈز کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ۔انہوں نے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے اپیل کی کہ ان منصوبوں کی تکمیل کیلئے 42 ارب روپے کی رقم فراہم کی جائے تاکہ منظورشدہ منصوبوں کی تکمیل ممکن ہوسکے۔